• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 172241

    عنوان: دورانِ نماز جمعہ اسپیكر خراب ہونے سے چند لوگوں كے سجدے چھوٹ گئے‏‏، پھر انھیں دوسرے امام نے نماز پڑھائی‏، كیا نماز درست ہوگئی؟

    سوال: ہماری مسجد تین منزلوں پر مشتمل ہے، نماز جمعہ کے دوران یکایک اسپیکر خراب ہوااور بارش اور اسپیکر کی آواز سے امام صاحب کی آواز دب گئی لوگوں نے تکبیر یں بلند کی تاکہ لوگ سنے۔ امام صاحب نے جب سلام پھیرا تو پتہ لگا کہ دوسرے اور تیسرے منزلوں کے کچھ، لوگوں کا ایک سجدہ چھوٹ گیا، امام نے جن لوگوں کا سجدہ چھوٹا ان کے لئے دوسرے قاری سے نماز پڑھوائے اس میں دو چار افراد وہ بھی تھے جنہوں نے خطبہ ہی نہیں سنا، اس کے بارے میں آپ حضرات کا کیا کہنا ہے؟

    جواب نمبر: 172241

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1399-1239/L=1/1441

    صورتِ مسئولہ میں پہلی نماز کے فاسد ہوجانے کے بعد جو دوسری نماز ادا کی گئی وہ مستقل نماز تھی؛ لہذا اس میں دوبارہ خطبہ کا پڑھنا بھی ضروری تھا؛ لہذا جو دوسری نماز بغیر خطبہ کے ہوئی وہ صحیح نہیں ہوئی،اب ان لوگوں کو چاہیے کہ چاررکعت ظہر کی نیت سے قضا کرلیں ۔

    نوٹ: یہ حکم اسی تقدیر پر ہے جب کہ دوسری جماعت میں خطبہ نہ ہوا ہو، اگر دوسری جماعت میں خطبہ ہوا ہو تو دوبارہ سوال کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند