• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 167308

    عنوان: ہم نماز میں ٹخنوں سے ٹخنے کیوں نہیں ملاتے

    سوال: ہم حنفی نماز میں ٹخنوں سے ٹخنے کیوں نہیں ملاتے جبکہ اس کی احادیث موجود ہیں مفصل اور تسلی بخش جواب دیں۔

    جواب نمبر: 167308

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 404-382/M=04/1440

    چونکہ ٹخنوں سے ٹخنے ملانے والی روایت اپنی حقیقت پر محمول نہیں ہے بلکہ اس سے مراد صفوں کو سیدھی کرنے اور درمیانی خلل (خالی جگہوں) کو پُر کرنے میں مبالغہ مقصود ہے جیسا کہ علامہ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے فتح الباری میں صراحت کی ہے چنانچہ آپ لکھتے ہیں: المراد بذلک المبالغة في تعدیل الصف وسد خللہ (فتح الباری: ۲/۲۶۸، ط: أشرفیہ دیوبند کتاب الصلاة، باب إلزاق المنکب بالمنکب) نیز حدیث میں کندھے سے کندھا ملانے کی روایت آئی ہے عن عبد اللہ بن عمر - رضی اللہ عنہ- ان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قال: أقیموا الصفوف ، فإنما تصفون بصفوف الملائکة، وحاذوا بین المناکب وسدّوا الخلل ولینوا في أیدي إخوانکم ولاتذروا فرجات للشیطان (مسند أحمد: ۲/۹۸) (أبوداوٴد : ۱/۹۷، کتاب الصلاة ، باب تسویہ الصفوف) اس لئے حنفی لوگ نماز میں ٹخنوں سے ٹخنے نہیں ملاتے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند