• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 167235

    عنوان: ہنگامی ڈیوٹی کی وجہ سے نماز کا قضا ہو جانا

    سوال: میرے ایک عزیز سرکاری اسکول میں استاد ہیں، انہیں الیکشن ڈیوٹی لازمی حکم کے تحت کرنی پڑتی ہے ، اس ڈیوٹی میں جب ووٹ پڑ رہے ہوتے ہیں تو حالات بالکل ہنگامی ہوتے ہیں اور کسی کو لمحے بھر کے لیے بھی پولنگ اسٹیشن چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوتی، ایسے میں ظہرکی نماز کبھی اور عصر اور مغرب کی نماز عموماً نہیں پڑھ پاتے ، ان نمازوں کی وہ بعد میں قضا پڑھ لیتے ہیں، کیا ایسا کرنا درست ہے ۔

    جواب نمبر: 167235

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 350-360/SN=05/1440

    پولنگ اسٹیشن چھوڑنے کی اجازت تو نہیں ہوتی؛ لیکن ضرورت پڑنے پر قضائے حاجت کے لئے جانے کی اجازت تو ہوتی ہوگی، وقت ہونے پر قضاء حاجت کے لئے چلا جائے اور بعد فراغت بہ عجلت کم از کم وقتیہ فرض نماز ہی کسی گوشے میں کھڑے ہوکر پڑھ لیا کرے، نماز اسلام کا ایک اہم رکن ہے، انتہائی شدید مجبوری (مثلاً دشمن کا خوف یا کسی مریض کی جان جانے کا خطرہ) کے بغیر اس کا ترک جائز نہیں ہے۔ قال اللہ تبارک وتعالی: إن الصلاة کانت علی الموٴمنین کتاباً موقوتاً (النساء: ۱۰۳) ․․․․․ إذ التاخیر بلا عذر کبیرة لاتزول بالقضاء بل بالتوبة أو الحج، ومن العذر العدوّ وخوف القابلة موت الولد؛ لأنہ علیہ الصلاة والسلام أخرھا یوم الخندق الخ (درمختار مع الشامی: ۲/۵۱۸، ط: زکریا)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند