• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 164560

    عنوان: ہوائی جہاز اور ٹرین وغیرہ میں نماز پڑھنے کے مسائل

    سوال: 1) سفر کے دوران فلائٹ، ریل، بس یا دیگر سواری میں اپنی سیٹ پر بیٹھ کر فرض نماز ادا کرتے وقت قبلہ رخ ہونا ضروری ہے ؟ 2) سواری میں وقت پر نماز ادا کرنا ضروری ہے یا قضا کرکے بعد میں پڑھا جاسکتا ہے ؟ 3) سواری میں اگر وضو نہیں ہے تو کیا کیا جائے ؟ تیمم کرکے نماز پڑھنا چاہیے یا نماز قضا کر دینی چاہیے ؟

    جواب نمبر: 164560

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1323-1173/N=1/1440

    (۱): جی ہاں! ان سب سواریوں میں نماز کے وقت قبلہ رخ ہونا ضروری ہے۔ اور جو شخص قیام پر قادر ہو، اسے کھڑے ہوکر ہی نماز پڑھنا ہوگا، بیٹھ کر نماز پڑھنے سے نماز نہیں ہوگی۔ اور اگر کوئی شخص قیام پر قادر نہ ہو؛ البتہ وہ رکوع وسجدہ کرسکتا ہو تو وہ فلائٹ میں اپنی سیٹ پر بیٹھ کر بھی نماز نہیں پڑھ سکتا؛ کیوں کہ فلائٹ میں سیٹ پر بیٹھ کر نماز پڑھنے کا مطلب ہے: رکوع سجدہ اشارے سے کرنا اور جو شخص حقیقی رکوع سجدے پر قادر ہو، اس کی نماز اشارے سے نہیں ہوتی۔

    (۲): سواری میں اگر نماز پڑھنے کی گنجائش ہو تو وقت پر نماز ادا کرنا ضروری ہے، بلا عذر شرعی جان بوجھ کر نماز قضا کرنا بہت بڑا گناہ ہے۔

    (۳):اگر آس پاس ایک میل کی دوری تک وضو کے لیے پانی نہ ہو تو تیمم کرکے نماز پڑھ سکتے ہیں ؛ ورنہ تیمم کرکے نماز نہیں پڑھ سکتے ؛ بلکہ وضو کرکے نماز پڑھنا ضروری ہوگا اگرچہ نماز قضا ہوجائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند