• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 162077

    عنوان: کیا ہم شافعی ، حنبلی یا سلفی امام کے پیچھے نماز پڑھ سکتے ہیں؟

    سوال: حضرت، میرا تعلق پاکستان سے ہے اور مسلک احناف دیوبند سے تعلق ہے۔ کچھ دن ہوئے میں بحرین آیا ہوں ملازمت کے سلسلے میں۔ کچھ امورمیں رہنمائی کی ضرورت ہے، امید ہے کہ جلد شفقت فرمائیں گے۔ (۱) کیا ہم شافعی ، حنبلی یا سلفی امام کے پیچھے نماز پڑھ سکتے ہیں؟ (۲) اگر نماز پڑھیں تو رفع یدین کریں یا نہیں؟ (۳) یہاں بہت سے امام ڈاڑھی کٹواتے ہیں ان کے پیچھے نماز کا کیا حکم ہے؟ جب کہ مقتدی باشرع ہوں اور عالم ہوں۔ (۴) عصر کی نماز یہاں بہت جلدی ادا کی جاتی ہے جب کہ حنفی مسلک کے مطابق وقت اس سے ایک گھنٹہ بعد شروع ہوتا ہے، تو ہم کس وقت نماز پڑھا کریں؟

    جواب نمبر: 162077

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1122-1031/M=9/1439

    (۱) دیگر مسلک کا امام اگر مسائل طہارت وغیرہ میں حنفی مسلک کی رعایت کرتا ہے یعنی خروج دم کی وجہ سے وضو کرنے کا اہتمام کرتا ہے تو اس کے پیچھے آپ (حنفی) نماز پڑھ سکتے ہیں۔ سلفی امام سے مراد اگر غیر مقلد ہے اور وہ تقلید کو شرک اور ائمہ اربعہ کو مشرک نہیں کہتا ہے تو اس کے پیچھے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے اور اگر وہ تقلید کو شرک سمجھتا ہے تو اس کے پیچھے نماز پڑھنے سے احتیاط کریں۔

    (۲) آپ حنفی ہیں تو حنفی مسلک کے مطابق نماز پڑھیں گے، رفع یدین نہیں کریں گے ۔

    (۳) جو امام داڑھی منڈاتا ہو ایسے شخص کے پیچھے نماز مکروہ ہے۔

    (۴) آپ حنفی وقت کے مطابق پڑھنے کا معمول رکھیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند