• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 161728

    عنوان: مسجد کی بالائی منزل میں صرف ظہر اور عصر کی جماعت

    سوال: گاؤں کی مسجد دو منزلہ ہے اپریل سے اگست تک صرف ظہر اور عصر کی نمازِ باجماعت اوپر والی منزل میں پڑھتے ہیں جبکہ نچلی منزل خالی ہوتی ہے جہاں فجر مغرب عشاء اور جمعہ پڑھتے ہیں جبکہ بالائی منزل کی کھڑکیوں سے گاؤں کے گھروں پر بھی نظر پڑ جاتی ہے کیا اس طرح نماز باجماعت پڑھنا جائز ہے مہربانی فرما کر اسی سلسلے میں قرآن وسنت کی رو سے رہنمائی فرمائیں اللہ آپ کو جزائے خیر عطا کرے ۔

    جواب نمبر: 161728

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1052-969/M=9/1439

    ظہر اور عصر کی نماز اوپر کی منزل میں اور بقیہ تین اوقات (فجر، مغرب اور عشاء) کی نماز نیچے کی منزل میں ادا کرسکتے ہیں لیکن بہتر یہی ہے کہ ساری نمازیں نیچے کی منزل میں ادا کریں اگر نیچے کی جگہ پر ہوجائے پھر اوپر کی منزل میں صف لگے تو مضائقہ نہیں، اور جب اوپر کی منزل میں لوگ ہوں تو اس وقت اوپر کی کھڑکیوں کو بند کردیا کریں تاکہ نمازیوں کی نظر باہر نہ جائے نیز بے پردگی نہ ہو۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند