• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 161486

    عنوان: قضاء نمازیں کس طریقہ سے پڑھیں؟

    سوال: میرے اوپر ۱۰/ سال کی قضا نماز باقی ہے، مجھے بتائیں کہ قضائے عمری کی نماز پڑھنے میں کچھ کم پڑھنا ہوتا ہے؟ برائے مہربانی مجھے قضائے عمری پڑھنے کا پورا طریقہ بتائیے۔ اور فرض نماز کے بیچ میں اگر وقت ہو تو قضا نمازیں پڑھی جاسکتی ہیں؟ جیسے ظہر کی چار سنتیں پڑھنے کے بعد اگر فرض کی جماعت کے لئے وقت ہے تو بیچ میں قضا نماز پڑھ سکتے ہیں؟ شکریہ

    جواب نمبر: 161486

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1090-1019/H=9/1439

    ہر قضاء نماز کو پڑھنے کے وقت اس طرح نیت کر لیا کریں مثلاً ظہر کی سب سے پہلی قضاء نماز جو اِس وقت میرے ذمہ باقی ہے اُس کواب اداء کرتا ہوں دس سال کی قضاء نمازوں کے اداء کرنے میں ہر نماز کی نیت اسی طرح کرتے رہیں فرضوں کے ساتھ عشاء کی قضاء میں وتر کی بھی قضاء کرنا ہوگی اور جب دل گواہی دیدے کہ اب کوئی نماز قضاء میرے ذمہ باقی نہ رہی تو بس اُس کے بعد چھوڑ دیں اور ایک ایک وقت میں کئی کئی قضاء نمازیں پڑھ سکتے ہیں سنت و فرض کے بیچ میں بھی پڑھ سکتے ہیں بس اوقات مکروہہ یعنی طلوع شمس اور زوال نیز غروب کے وقت نہ پڑھیں کتب فتاوی میں باب قضاء الفوائت کے تحت یہ امور مصرح ہیں۔

    ---------------------------

    جواب صحیح ہے البتہ اس طرح قضا نمازیں ادا کریں کہ لوگوں کو علم نہ ہوسکے تاکہ اظہار معصیت لازم نہ آئے مثلاً عصر کے بعد مسجد میں یا فجر کے وقت مسجد میں نہ پڑھیں۔ (ن)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند