• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 156616

    عنوان: چلنے پھرنے سے معذور شخص نماز كس طرح پڑھے؟

    سوال: علماء کرام سے گزارش ہے کہ میرے مسئلہ کے حوالے سے قران وسنت کی روشنی میں جواب ارشاد فرمائیں۔ میں گذشتہ ۵ مہینوں سے بستر پر ہوں۔ مجھے مندرجہ ذیل مسائل درپیش ہیں: ۱۔ جوڑوں کا شدید درد اور نسوں کی بیماری جس کی وجہ سے میں چلنے پھرنے سے قاصر ہوں۔اس وقت محض بیٹھنے پہ قدرت رکھتا ہوں۔ ۲۔ کمزوری اور دل کے مختلف عوارض۔ ۳۔ کسی دو سرے فرد کا مجھے حالتِ مجبوری کی وجہ سے پیمپر کا پہنانا ۔ ۴۔ مختلف اوقات میں پیشاب کے اخراج پر قدرت نہ رکھنا۔ ۵۔ الٹے ہاتھ اور سیدھے پاؤں کا صحیح کام نہ کر نا۔ چونکہ نماز کسی بھی حالت میں ساقط نہیں کی جا سکتی اور میرادل بھی نماز کی ادائیگی چاہتاہے ،اس معاملے کے پیشِ نظر اور میری طبّی حالت کی روسے مجھے آسان طریقہء اور حالتِ نماز کے بارے میں رہنمائی فرمائیں عین نوازش ہوگی۔

    جواب نمبر: 156616

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:289-229/Sn=3/1439

    (الف) اگر آپ رکوع سجدہ پر قادر نہیں ہیں تو بیٹھ کر اشارے سے نماز پڑھ لیا کریں، سجدے کا اشارہ رکوع سے نسبةً کچھ زیادہ کریں۔

    (ب) اگر خود وضو کرسکیں تو خود وضو کرکے نماز ادا کریں اگر خود نہ کرسکیں تو اگر کوئی وضو کرانے والا ہو تو وہ وضو کرادیا کرے، اگر کوئی بہ خوشی وضو کرانے والا نہ ہو تو پھر مٹی یا پتھر پر ہاتھ لگاکر تیمم کرکے نماز پڑھ لیا کریں۔

    (ج) کوشش کریں کہ پاک کپڑے میں نماز ادا کریں، اگر خروج نجاست کا عارضہ اس طرح جاری رہتا ہو کہ ایک کپڑا بدلنے کے فوراً بعد دوسرا بھی ناپاک ہوجاتا ہو یا کپڑے بدلنے پر بڑی مشقت ہوتی ہو تو بدن پر موجود ناپاک کپڑے کے ساتھ بھی نماز ادا کرسکتے ہیں۔

    نوٹ: بہشتی زیور میں معذور اسی طرح مریض کے نماز پڑھنے کا طریقہ تفصیل سے موجود ہے، کسی سے پڑھواکر سن لیں اور اپنی حالت کے مطابق اس پر عمل کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند