• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 153498

    عنوان: پانچوں نمازوں کا وقت تفصیل سے بتائیں

    سوال: حضرت، میں بحرین میں کام کرتا ہوں ، کافی دنوں سے میں ویب سائٹ سے مسئلہ پڑھ رہا ہوں لیکن پھر بھی کچھ سمجھ میں نہیں آرہا ہے اور ایک عجیب الجھن ہے،ایک طرف جماعت اور اس کے ساتھ جڑی ہوئی اور سنتوں کا ثواب اور دوسری طرف نماز کا صحیح ہونا۔ یہاں ہم لوگ فجر (اذان کے ۲۵/ منٹ بعد ) اور عصر (اذان کے ۲۵/ منٹ بعد) دو وقت کی نماز سلفی طریقے سے پڑھتے ہیں لیکن باقی تین وقت کی نماز میں یہ لوگ اذان کے (۲۵ سے ۳۰/ منٹ کے بعد) کافی وقت کے بعد پڑھتے ہیں یعنی (حنفی مسلک سے بھی بعد) میرا سوال یہ ہے کہ :۔ (۱) حنفی طریقے سے پانچ وقت کی نماز کا وقت کب سے شروع ہوتا ہے ؟ (۲) اوپر سے کونسی نماز صحیح ہوگی اور کونسی غلط؟ (۳) کیا ہمیں سبھی نماز دہرانی پڑے گی؟

    جواب نمبر: 153498

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1292-1285/M=11/1438

    (۱-۳) فجر کا وقت، انتہاء سحر کے بعد سے شروع ہوتا ہے اور طلوع آفتاب سے پہلے تک رہتا ہے اور ظہر کا وقت زوال سے لے کر سایہ اصلی کے دو مثل ہونے تک رہتا ہے اور عصر کا وقت مثلین کے بعد سے غروب آفتاب تک اور مغرب کا وقت غروب آفتاب کے بعد سے شروع ہوتا ہے اور شفق ابیض کے غروب ہونے تک رہتا ہے اور عشاء کا وقت شفق کے غائب ہونے سے لے کر منتہائے سحر تک رہتا ہے، جو نمازیں وقت کے اندر پڑھی گئی ہیں وہ اداہوگئیں، دہرانے کی ضرورت نہیں، وقت سے پہلے وقتیہ نماز نہیں ہوتی اور وقت گذرنے کے بعد قضا ہوتی ہے، نماز کے اوقات کو آپ علاقے کے مقامی حنفی معتبر عالم ومفتی صاحب سے سمجھ لیں کہ کب کونسی نماز پڑھی جائے اور اذان کے کتنی دیر بعد جماعت کی جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند