• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 150243

    عنوان: بستر کے گدے یا تکیہ پر سجدہ کرنا درست ہے یا نہیں؟

    سوال: (۱) چین والی گھڑی پالش والی پہن کر نماز درست ہے یا نہیں؟ (۲) پینٹ یا پائجامہ کھڑے ہو کر بدلنا جائز ہے یا نہیں؟ (۳) بستر کے گدے یا تکیہ پر نماز پڑھنا، سجدہ کرنا درست ہے یا نہیں؟ (۴) قضا نماز پڑھنے میں یا سجدہ تلاوت کرنے میں تاخیر کرنا کیا بڑا گناہ ہے؟ (۵) اگر ایسی جگہ نوکری کر رہے ہوں جہاں نماز پڑھنے کے لیے کوئی جگہ یا سہولت نہ ہو اور مسجد بہت دور ہو اتنا وقفہ بھی نہ ملتا ہو کہ مسجد جاکر نماز ادا کرسکے یا بوس (ذمہ دار) بہت سخت ہو تو ایسی حالت میں نماز قضا پڑھنے کی اجازت ہے؟ یا یہ کہ نوکری چھوڑ دیا جائے؟ اور اگر داڑھی بڑھانے پر بھی ان لوگوں کو اعتراض ہے تو داڑھی کے لیے کیا حکم شرعی ہے؟

    جواب نمبر: 150243

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 608-483/D=7/1438

    (۱) جی ہاں جائز ہے۔

    (۲) جائز ہے البتہ بیٹھ کر بدلنا ادب ہے۔

    (۳) گدا اگر پاک ہے اور اس پر سجدہ کرنے سے پیشانی سخت چیز (تخت) پر ٹک جائے تو نماز پڑھنا اور سجدہ کرنا جائز ہے، تکیہ پر نماز پڑھنے کی کیا صورت ہوگی؟ سوال واضح کریں، اگر سجدہ کرنا مراد ہے تو اس میں وہی تفصیل ہے جو اوپر لکھی گئی یعنی زمین یا تخت کی سختی محسوس ہو اور پیشانی سخت جگہ پر جاکر ٹک جائے تبھی سجدہ کرنا جائز ہوگا ورنہ نہیں۔

    (۴) جلد سے جلد ادا کرکے فارغ الذمہ ہوجانا چاہیے، کہیں بالکل بھول گئے اور ادا ہی نہ کرپائے یا ادا کرنے کو سوچتے رہے حتی کہ موت آگئی یہ دونوں صورتیں سخت گناہ کا موجب ہوں گی۔

    (۵) نماز قضاء نہ کریں بلکہ آفس ہی میں کہیں کنارے تنہا نماز ادا کرلیں، نوکری چھوڑنے میں جلدی نہ کریں بلکہ نماز ادا کرنے کا راستہ نکالیں کوئی صورت نہ بنے تو دوسری ملازمت جہاں اس طرح کی دقت نہ ہو تلاش کرنے کی کوشش کریں، ڈاڑھی کا معاملہ بھی اسی طرح ہے کہ دوسری ملازمت یا ذریعہ آمدنی حاصل کرنے کی کوشش کریں جہاں داڑھی رکھنے کی آزادی ہو جب مل جائے تو پہلی ملازمت ترک کردیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند