• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 148347

    عنوان: ہیلپ لائن کے ذریعہ لوگوں کو فجر کی نماز کے لیے جگانا؟

    سوال: میرے گھر سے مسجد 1.5 کلو میٹر کی دوری پر ہے، میں نے ایک ہلپ لائن واٹس اَیپ پر چالو کر رکھا ہے جس کا نام (نیند سے بہتر نماز ہے) جس میں ملک کے مختلف حصوں سے پچاس سے ساٹھ لوگ لنک کے ذریعہ جڑے ہوئے ہیں، میں صبح تہجد پڑھنے بعد ان لوگوں کو فون کر کے فجر کی نماز کے لیے جگاتا ہوں اور الحمد للہ لوگ اٹھ کر فجر کی نماز پڑھتے ہیں، لیکن ان لوگوں کو اٹھانے کی وجہ سے میں فجر کی نماز مسجد میں نہ پڑھ کر گھر پر پڑھ لیتا ہوں کیونکہ اگر مسجد جاوٴں گا تو میرے آنے جانے میں ۴۵ - ۵۰ منٹ منٹ لگ جائے گا، اور جو لوگ یہ سوچ کر سوتے ہیں کہ صبح مجھ کو فجر کی نماز میں فون آئے گا، لیکن میں جب مسجد سے گھر واپس آوٴں گا تو فجر کا وقت نکل جائے گا، اس لیے میں بہت کش مکش میں ہوں۔ برائے مہربانی مجھ کو اس کا کوئی حل بتائیں۔

    جواب نمبر: 148347

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 538-604/M=5/1438

    ہلپ لائن کے ذریعہ لوگوں کو فجر کی نماز کے لیے جگانے کا سلسلہ نیک عمل ہے لیکن اس کی وجہ سے اپنی فجر کی مسجد کی جماعت ترک کرنے کی اجازت نہیں، فرض نماز باجماعت ادا کرنا سنت موکدہ بقریب واجب ہے اس لیے بلا عذر شرعی جماعت ترک نہ کریں اور فجر کی نماز سے پہلے جس قدر جگانا ممکن ہو جگا سکتے ہیں لیکن اپنی نماز او رجماعت میں خلل نہ ہواو رلوگوں کو چاہئے کہ از خود بھی بیدار ہونے کی فکر و کوشش کریں، الارم وغیرہ لگاکر سوئیں تاکہ وقت پر نیند کھل جائے۔ 


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند