• عبادات >> ذبیحہ وقربانی

    سوال نمبر: 69025

    عنوان: ایک شخص کے پاس کتنی نقدی ہوتو قربانی واجب ہوگی؟

    سوال: ایک شخص کے پاس کتنی نقدی ہوتو قربانی واجب ہوگی؟ اور کیا اس میں ماہانہ تنخواہ بھی شامل کرنی ہوگی؟ اور اگر ماہانہ تنخواہ شامل کرنی ہے تو کیا پورے مہینے کا خرچ نکال کر شامل کرنی ہے؟ قربانی کے مسائل کے لیے کوئی مستند اور آسان فہم کتاب کا نام بھی بتائیں۔

    جواب نمبر: 69025

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 946-778/D=11/1437 چھ سو بارہ گرام تین سو ساٹھ ملی گرام ( 612.360) چاندی یا اس کی قیمت کے برابر نقد روپئے یا سونا موجود ہو یا یہ سب چیزیں مل کر 612.360 چاندی کی قیمت کے برابر ہوجائے یا ضرورت سے زاید سامانوں اور ضرورت سے زاید مکان و زمین کی قیمت بھی ملا کر 612.360 گرام چاندی کے برابر بقرعید کے دنوں میں آدمی کے پاس موجود ہوتو اس پر قربانی واجب ہے تنخواہ کی جو رقم اس وقت (بقرعید کے دنوں میں) موجود ہو اسے بھی حساب میں شامل کرلیا جائے خواہ بقرعید کے بعد انہیں ضروریات میں خرچ کرنا ہو، قربانی کے ضروری مسائل بہشتی زیور میں لکھے ہوئے ہیں انہیں پڑھ لیں اس میں صدقہ فطر اور قربانی کا نصاب بھی لکھا ہوا ہے۔ (۲) مسائل قربانی: مرتبہ مولانا رفعت صاحب قاسمی (۳) کتاب المسائل حصہ دوم: مرتبہ مفتی محمد سلمان صاحب منصور پوری کا مطالعہ فرمالیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند