• عبادات >> ذبیحہ وقربانی

    سوال نمبر: 56989

    عنوان: میں یہ جاننا چاہتاہوں کہ کیا مشینی ذبیحہ کھانا حلال ہے ؟ جب کہ مسلمان کے ذریعہ اس پر اللہ کا نام لیا جاتاہے۔ میں تذبذب میں ہوں کیوں کہ مارکیٹ میں دستیاب چکن پر لکھا ہوتاہے کہ یہ حلال ہے نیز اس پر اسلامک کلچرل سینٹر کی طرف سے حلال اسٹامپ بھی ہوتاہے ،

    سوال: میں سویڈین میں رہتاہوں اور میں یہ جاننا چاہتاہوں کہ کیا مشینی ذبیحہ کھانا حلال ہے ؟ جب کہ مسلمان کے ذریعہ اس پر اللہ کا نام لیا جاتاہے۔ میں تذبذب میں ہوں کیوں کہ مارکیٹ میں دستیاب چکن پر لکھا ہوتاہے کہ یہ حلال ہے نیز اس پر اسلامک کلچرل سینٹر کی طرف سے حلال اسٹامپ بھی ہوتاہے ، لیکن مجھے یقین نہیں ہے کہ میں اس کھا سکتاہوں کیوں کہ یہ مشینی ذبیحہ ہوسکتاہے۔براہ کرم، اس پر روشنی ڈالیں۔

    جواب نمبر: 56989

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 116-116/Sd=3/1436-U مشینی ذبح کے اس وقت بہت سے طریقے رائج ہیں، جن میں سے اکثر طریقوں میں جانور شرعاً حلال نہیں ہوتا ہے، جب تک متعینہ طریقہ سامنے نہ ہو، علی الاطلاق حلت یا حرمت کا حکم نہیں دیا جاسکتا، تاہم چونکہ گوشت میں اصل حکم حرمت کا ہے، اس لیے جب تک گوشت کے بارے میں یہ یقین نہ ہوجائے کہ یہ شرعی طریقے پر ذبح کیا گیا ہے کھانے سے احتراز کرنا چاہیے اور گوشت کی پیکنگ پر جو حلال اسٹامپ ہوتا ہے صرف اس پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا؛ لہٰذا صورت مسئولہ میں جب تک جانور کے شرعی طریقے پر ذبح ہونے کا یقین نہ ہوجائے، آپ اس طرح کے چکن کھانے سے احتراز کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند