• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 934

    عنوان: دیوبندی مسلک کے سلسلے میں مختصراور جامع تعارف ارسال فرمادیں۔ ۔۔۔۔۔ ؟

    سوال:

    اسلام سے متعلق میرے ذہن میں کچھ سوالات ہیں۔ میں آپ سے ان کا حل چاہتا ہوں۔

    (1) میں دیوبندی ہوں لیکن مجھے اپنے مسلک کے سلسلے میں زیادہ معلوم نہیں کہ کیا کام صحیح ہے اور کیا غلط۔ براہ کرم، میرے مسلک کے سلسلے میں مختصراور جامع تعارف ارسال فرمادیں۔

    (2) کیا نماز کے بعد کھڑے ہوکر حضرت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو سلام بھیجنا جائز ہے؟ ایک صاحب نے بتایا اس کے بغیر نماز صحیح نہیں ہوتی۔

    (3) کیا ایسا کہنا صحیح ہے: نبی سلام علیک، رسول سلام علیک؟

    (4) نیز، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عمامہ مبارک کا رنگ کیا تھا؟ کالا تھا، یا سفید یا سبز؟

    براہ کرم، رہ نمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 934

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى:  1107/هـ = 845/هـ)

     

    (1) حقوق اللہ حقوق العباد کی ادائیگی گناہوں سے پرہیز بالخصوص خلافِ سنت کاموں نیز بدعات سے اجتناب مسلک علمائے دیوبند کا طغرہٴ امتیاز ہے۔

    (2) مروجہ سلام جائز نہیں، حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم او رجاں نثار حضرات صحابہٴ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نیز متبع سنت اولیاء اللہ سلف صالحین رحمہم اللہ تعالیٰ تو نمازوں کے بعد کھڑے ہوکر سلام نہ بھیجا کرتے تھے، ان تمام حضرات کی اور ہماری الحمد للہ نمازیں بہتر سے بہتر اداء ہوئیں اور ہوتی ہیں، فالحمدللہ علی ذلک، پس جن صاحب نے آپ کو مسئلہ بتلایا ہے وہ من گھڑت اور غلط ہے۔

    (3) روضہٴ مقدسہ پر کھڑے ہوکر ایسا کہنا درست ہے اور دوسرے مقامات میں درود و سلام کے وہ صیغے بکثرت پڑھنے کا اہتمام کرنا چاہیے کہ جو حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے ارشاد ہوئے ہیں، فضائل درود شریف میں حضرت مولانا زکریا صاحب رحمہ اللہ نے ان کو یکجا جمع فرمادیا ہے ان کو کثرت سے پڑھنے کا اہتمام کریں۔

    (4) کالا اور سفید تھا ہرے رنگ کا عمامہ کسی کتاب میں دیکھنا ہمیں فی الحال محفوظ نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند