• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 715

    عنوان: مسلمان عورت یا لڑکی کس کس سے مصافحہ کرسکتی ہے؟

    سوال:

    (1) مسلمان عورت یا لڑکی کس کس سے مصافحہ کرسکتی ہے؟ تفصیلات سے آگاہ فرمائیں۔

    (2) کیا قرآن، سیپارہ، قاعدہ اور اسلامی کیلنڈر وغیرہ کے بوسیدہ کاغذات جلا کر ان کی راکھ پھینک سکتے ہیں؟

    جواب نمبر: 715

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 911/هـ=661/هـ)

     

    (1) مسلمان عورت مسلمان عورتوں میں سے ہر ایک سے اور اپنے شوہر سے مصافحہ کرسکتی ہے، اور محرم مردوں سے بھی مصافحہ کرسکتی ہے بشرطیکہ دونوں میں سے کسی کو شہوت کا اندیشہ نہ ہو، اور عورت کے لیے محارم وہ مرد ہیں جن سے اس کا کبھی بھی شرعا نکاح نہ ہوسکتا ہو، اور ان کے علاوہ اور مردوں سے مصافحہ کرنا جائز نہیں۔

     

    (2) بوسیدہ قرآن شریف، سیپارہ ، نورانی قاعدہ اور اسلامی کیلنڈر کے وہ ٹکڑے جن پر قرآن کی آیت یا حدیث شریف وغیرہ لکھی ہوئی ہوں جلانا نہیں چاہیے بلکہ کسی پاک کپڑے میں لپیٹ کر کسی پاک جگہ ادب و احترام کا لحاظ کرتے ہوئے مسلمان میت کی طرح لحد یا شق میں دفن کردینا چاہیے۔ (فتاویٰ عالمگیری: 5/323)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند