• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 365

    عنوان:

    کیا مسلمان باقی رہنے کے لیے نام تبدیل کراناضروری ہے؟ 

    سوال:

    میں ایک مسئلہ سے دوچار ہوں اور مجھے مدد کی ضرورت ہے۔مجھے اسلام قبول کیے ہوئے چار سال ہوگئے اور الحمد للہ میں نے اسلام کا مزید علم حاصل کرنے کے لیے عالمہ کورس شروع کیا ہے۔ اسلام لانے کے بعد میں نے ایک اچھی مسلم فیملی میں شادی کی۔ میرا نام Gargi Grigoہے لیکن میری سسرال والے مجھے عائشہ کہتے ہیں۔ انھوں نے مجھ سے کہا بھی کہ میں اپنا نام قانونی طور پر بدل کر عائشہ فاطمہ حسین کرلوں۔ چناں چہ میں نے قانونی طور پر نام بدلوانے کے لیے درخواست ڈالی لیکن چار سال گذر گئے اور میرا نام ابھی تک تبدیل نہیں ہوسکا۔ کسی نہ کسی وجہ سے اس میں تاخیر ہی ہوتی جارہی ہے۔ چناں چہ میں نے استخارہ کیا اور اس کے بعد خواب دیکھا۔ میں نے دیکھا کہ میرے شوہر مجھے چھری سے بار بار ماررہے ہیں۔

     

     اس کی وجہ سے مجھے تشویش ہوئی اور میں حدیث کے مطابق مسلسل سات دن تک استخارہ کرتی رہی۔ میں نے ہر بار یہی خواب دیکھا۔ اس کے بعد میرا دل اس بات پر مطمئن ہوگیا کہ میں اپنا نام قانوناً تبدیل نہ کراؤں۔ لیکن اس کے باوجود بھی میں کسی عالم کی رائے جاننا چاہتی ہوں کہ مجھے کیا کرنا چاہیے ؟ واضح رہے کہ میرے Gargi Grigoنام کا کوئی مذہبی مفہوم نہیں ہے اور نہ ہی اس میں کوئی ایسی چیز ہے جو اسلام میں منع ہو۔ کیا مسلمان باقی رہنے کے لیے نام تبدیل کراناضروری ہے؟

     

    نیز، میرے خواب کی تعبیر کیا ہے؟

     

    ان دونوں سوالات کا جلد از جلد جواب عنایت فرمائیں۔ جزاک اللہ!

    جواب نمبر: 365

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 703/هـ=490/هـ)

     

    آپ کے خواب کی تعبیر یہ ہے کہ آپ کے شوہر کو آپ سے بہت محبت ہے،وہ آپ کو پوری طرح اسلامی رنگ میں دیکھنا چاہتے ہیں، بہتر یہی ہے کہ آپ اپنا نام عائشہ ہی تجویز رکھیں اور پرانے نام کی تبدیلی کی کوشش کرتی رہیں، کاغذات میں تبدیل نہ بھی ہو مگر عامة گھر میں اسی نام کو رائج رکھیں اور اسی کو بتلایا کریں، پرانا نام کسی ضرورت و حاجت سے بولنا پڑجائے تو الگ بات ہے ورنہ اپنے اور گھرانے کے ماحول میں عائشہ ہی کو چلنے میں پوری سعی کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند