• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 1756

    عنوان:

    خواب دیکھا کہ میں گھر سے باہر بارش میں بھیگتاہوا ...

    سوال:

    ایک دن میرے ذہن اور رجحان پر دینی افکار غالب تھیں اور میں اپنے اور گھر والوں کی دینی کوتاہیوں پر مضطرب تھا۔ اس دن کی رات کو میں نے خواب دیکھا کہ میں گھر سے باہر بارش میں بھیگتاہوا برہنہ حالت میں اضطرابی کیفیت کے ساتھ چلا جا رہا ہوں۔ پھر میں نے اپنے آپ کو ایک چبوترے پر پایا، وہاں ایک سیڑھی تھی میں نے اس پر چڑھنے کا ارادہ ہی کیا تھا کہ مجھے کچھ آہٹ محسوس ہوئی، میں پلٹا تو ایک کھلی قبرمیں ایک بزرگ کو لیٹا ہوا پایا، مجھے اس وقت حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا تصور ہوا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میر ا حال پوچھا گویا آپ صلی اللہ علیہ وسلم میر ی پریشانی دورکر دیں گے۔ میں نے کہا میر ی امت، پھر فورا ہی میں نے اپنی بات درست کی اور کہا آپ کی امت (یعنی آپ کی امت کی پریشانی سے مغموم ہوں) اتنے میں آپصلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا ہاتھ سینے سے الگ کیا تو میں نے دیکھا کہ کلائی سے کہنی کے درمیان کے حصے (اندرونی) میں جھریا ں پڑی ہوئی ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرئہ انور مغموم لیکن حساس بشاس ہے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین تسبیحات کہنا چاہیں ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سبحان اللہ کہا تو میں نے تیسرا کلمہ پڑھا اور اشارہ دیا کہ اسی طرح درود شریف اور استغفار، تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم خاموش رہے۔ میری آنکھ کھلی تو مجھے احساس ہوا کہ مجھے تسبیح کے معاملے میں خاموش رہناچاہئے تھاشاید حضو رصلی اللہ علیہ وسلم کچھ اور بتاتے ، مجھے گمان ہے اور اس گمان پرشرح صدر بھی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تسبیح فاطمی بتانے والے تھے (خواب کے دن پہلے دیکھا کہ اس لیے روایت میں کچھ قصر ہوسکتی ہے) براہ کرم، اس کی تعبیر بتائیں۔

    جواب نمبر: 1756

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1470/ ھ= 1151/ ھ

     

    برہنہ حالت میں دیکھنا اس کی تعبیر یہ ہے کہ ان شاء اللہ گناہوں سے سچی پکی مقبول توبہ کی توفیق مرحمت ہوگی۔ حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو دیکھنا ماشاء اللہ بہت مبارک ہے، اللہ پاک اس کی برکات سے نوازے، جسم اطہر پر جھریاں اور چہرہٴ انور کا مغموم دیکھنا یہ امت کے اعمال میں نقصان اور کوتاہی کی طرف اشارہ ہے اورچہرہٴ مبارکہ کا بشاش دیکھنا امت کے اعمال حسنہ کی اطلاع پر مسرت و خوشی کی دلیل ہے۔ ذکر اللہ کی طرف توجہ دلانے کی تعبیر یہ ہے کہ فتنوں سے امن اور حفاظت اللہ تعالیٰ جل شانہ کے پاک ذکر میں پوشیدہ ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند