• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 167451

    عنوان: موت کی دعا کرنے کا حکم (۲): سستی کا علاج اور موبائل کے فتنے سے کیسے بچا جائے؟(۳): حلال وجائز نوکری یا ذریعہ معاش کے لیے کیا کیا جائے؟

    سوال: (1) میرا سوال یہ ہے کہ کیا میں اللہ سے موت کی دعا مانگ سکتاہوں؟ اس لیے کہ میں تقریباً دس یا گیارہ سال سے ایک گناہ کرتا چلا آرہا ہوں، جب احساس ہوتاہے کہ تو پھر توبہ کرتاہوں اور ایسی ویسی توبہ نہیں پورے ارادے کے ساتھ سچی توبہ کرتاہوں ، مگر پھر ایک دو ہفتے گذرتے نہیں پھر اس گناہ میں مبتلا ہوجاتاہوں، حالانکہ اللہ کی بہت سی عنایتیں مجھ پر ہیں ، مگر مجھے خیال آیا کہ گناہ کرکے میں ظلم کررہاہوں اور توبہ کرکے اللہ سے بغاوت کررہا ہوں، لہذا، موت کی دعا کا خیال ٰآ کہ اگر میں ہی نہ رہوں گا تو گناہ بھی نہیں ہوگا ، نہ بغاوت اورنہ ہی ظلم ، (2) اس کے ساتھ میرے اندر بہت سی سستی اور کاہلی ہے، جب کبھی میں گھر آتا ہوں تو ایک عجیب سستی آتی ہے ، حالانکہ گھر آنے سے پہلے راستے میں میں کئی عمل کرنے کا ارادہ کرتا ہوں کہ گھر جاتے ہی سستی نہیں کروں گا، فوراً نفل پڑھ سوجاؤں گا، مگر گھر آتے ہی فون کے فتنے میں مبتلا ہوجاتاہوں۔ (3) اور روزی کے معاملہ میں کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ کیا کروں ، ہر چیز میں ایمان کے خطرے کا ڈر ہے کہ کہیں نماز نہ چھوٹ جائے ، کہیں دین کی محنتوں سے دور نہ ہوجاوں۔ آپ سے گذارش ہے کہ اس مسئلہ کا حل بتائیں، میں یہ سوال کرنے والا نہیں تھا، مگر مجبوری کررہاہوں، گناہ کی وجہ سے دل میں دین کاکام اور عمل کے لیے رغبت اور جذبہ بھی نہیں رہا۔ براہ کرم، رہنمائی فرمائیں۔ جزاک اللہ ۔

    جواب نمبر: 167451

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:382-325/N=4/1440

    (۱): جی نہیں! آپ موت کی دعا تو نہ کریں؛ البتہ اپنے نفس کی اصلاح کی فکر وکوشش کریں۔ اگر ایک، ۲/ ہفتہ کے بعد آ پ کے لیے توبہ پر برقرار رہنا مشکل ہوجاتا ہے اور توبہ ٹوٹ جاتی ہے تو آپ اپنے شہر میں کوئی صاحب نسبت ومتبع شریعت وسنت عالم دین یا بزرگ تلاش کریں اور گاہے گاہے ان کی مجلس میں جایا کریں، ان کی صحبت کی برکت سے إن شاء اللہ توبہ میں پختگی آئے گی اور گناہوں سے بچنے آسان ہوگا۔

    (۲): سستی کا علاج چستی ہے، یعنی: جب سستی آئے تو سستی کے تقاضے پر عمل نہ کیا جائے؛ بلکہ ہمت کرکے سستی کے خلاف کمر بستہ ہوجانا چاہیے، جب آدمی چند مرتبہ ایسا کرے گا تو ہمت مزید ہوجائے گی اور عمل کرنا آسان ہوجائے گا۔ اور ملٹی میڈیا موبائل یقیناً دور حاضر کا خطرناک فتنہ ہے،جس سے شاید باید لوگ محفوظ ہیں۔ جو شخص اس فتنہ کا شکار ہوا، یعنی: ملٹی موبائل کے غلط یا غیر محتاط استعمال میں پھنس گیا ، وہ اپنے ایمان کو کمزور کرنے میں لگ گیا ؛ اس لیے اپنے آپ کو موبائل فتنے سے دور رکھنے اور بچانے کی کوشش کریں اور اس کے لیے ہمت درکار ہے، نیز خوف خدا بھی چاہیے، جو تنہائیوں میں بھی گناہوں سے دور رکھ سکے۔اللہ تعالی تمام مسلمانوں کی حفاظت فرمائیں، آمین۔

    (۳): حلال وجائز نوکری یا ذریعہ معاش کے لیے آپ روزانہ درج ذیل دعا کم از کم تین سو مرتبہ پڑھیں اور اول وآخر ۱۱، ۱۱/ بار درود شریف بھی پڑھیں۔ اور تجربہ کار لوگوں سے کاروبار یا نوکری کے سلسلہ میں مشورہ بھی لیتے رہیں اور ایسی نوکری یا ذریعہ معاش کی کوشش کریں، جس میں نماز پنجگانہ کی پابندی اور شرعی حدود کی پاس داری بھی ہوسکے۔

    اللّٰھُمَّ اکْفِنِيْ بِحَلَالِکَ عَنْ حَرَامِکَ وَأَغْنِنِيْ بِفَضْلِکَ عَمَّنْ سِوَاکَ

    عن ابن عباسقال:قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم:”من لزم الاستغفار جعل اللہ لہ من کل ضیق مخرجاً ومن کل ھم فرجاً ورزقہ من حیث لا یحتسب“، رواہ أحمد وأبو داود وابن ماجة (مشکاة المصابیح، باب الاستغفار والتوبة، الفصل الثاني، ص ۲۰۴، ط: المکتبة الأشرفیة دیوبند)، وعن عليأنہ جاء ہ مکاتب فقال: إني عجزت عن کتابتي فأعني، قال: ألا أعلمک کلمات علمنیھن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، لو کان علیک مثل جبل کبیر دیناً أداہ اللہ عنک، قل:”اللھم اکفني بحلالک عن حرامک وأغننی بفضلک عمن سواک“،رواہ الترمذي والبیھقي فی الدعوات الکبیر (المصدر السابق،،باب الدعوات فی الأوقات، الفصل الثاني،ص ۲۱۵، ۲۱۶، ط: المکتبة الأشرفیة دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند