• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 164222

    عنوان: دیکھا کہ شاید مسجد نبوی (ص) میں ہوں اور میرے سامنے وہ مقام ہے جہاں...

    سوال: خواب نمبر 1 دیکھا کہ شاید مسجد نبوی (ص) میں ہوں اور میرے سامنے وہ مقام ہے جہاں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نماز ادا فرماتے تھے ۔ میں نے دیکھا کہ اس مقام کو بطور عقیدت آب زم زم سے غسل دیا جارہا ہے ۔ خواب نمبر 2 دیکھتا ہوں کہ مجھے اپنے گھر (کراچی شہر میں) کی چھت یا شاید کھڑکی سے دور طویل فاصلے پر مدینہ منورہ میں جنت البقیع اور اس سے متصل مسجد نبوی (ص) نظر آرہی ہے ۔ میں بڑی حسرت سے ایک رشتہ دار سے کہتا ہوں کہ مجھے وہاں جاکر بہت سکون ملا تھا ۔ (جب میں حقیقت میں سن 2015 میں سفر حج کے دوران کراچی سے براہ راست پہلے مدینہ گیا تھا)۔ خواب نمبر 3 دیکھتا ہوں کہ ایک کمرہ ہے اور وہاں کچھ افراد اور شاید بچے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نعت یا قصیدہ پڑھ رہے ہیں اور شاید حضور صلی اللہ علیہ وسلم بھی وہاں تشریف فرما ہیں اور خوش ہیں ۔ پھر دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ کی ایک گلی سے یوں گزر رہے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پشت میری طرف ہے اور میں پیچھے پیچھے چل رہا ہوں اور آپ (ص) کے ساتھ کچھ اور لوگ بھی ہیں اور شاید آپ (ص) کے ہاتھ میں چھتری بھی ہے ۔ اور شاید افریقہ سے یا حضرت بلال حبشی (رض) کے آبائی علاقے سے کوء وفد آپ (ص) سے ملاقات کیلیے آیا ہوا ہے اور اپنی مادری زبان میں کوء استقبالیہ ترانا یا اشعار پڑھ رہا ہے ۔ آپ (ص) اس وفد سے ملاقات کیلیے تشریف لے جارہے ہیں ۔ پھر منظر بدلتا ہے اور کوء مجھ سے کہتا ہے کہ چلو تمھاری وطن واپسی کا وقت ہو گیا ہے تو میں اس سے کہتا ہوں کہ میں ہرگز ابھی نہیں جاونگا ۔ ابھی مجھے عمرہ کرنے بھی جانا ہے ۔ ایسا موقع بار بار کہاں نصیب ہوتا ہے ۔ پھر دیکھتا ہوں کہ میرے ہاتھ میں تسبیح ہے اور شاید سعی کررہا ہوں اور تسبیح کے دانوں پر چکر شمار کررہا ہوں ۔ مگر جب سعی مکمل کرکے جب تسبیح دیکھتا ہوں تو حیران ہوتا ہوں کہ سات کے بجائے چودہ چکر کرلیے یہاں میرا ایک سوال بھی ہے کہ ایک حدیث میری نظر سے گزری جس کا مفہوم یہ ہے کہ "جس نے مجھے خواب میں دیکھا تو اس نے مجھے ہی دیکھا کیونکہ شیطان ہرگز میری صورت اختیار نہیں کرسکتا" تو کیا واقعی مجھ گناہگار نا چیز کو اتنی بڑی سعادت نصیب ہوئی ؟

    جواب نمبر: 164222

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1254-223T/SN=1/1440

    دونوں خواب ماشا ء اللہ اچھے ہیں، مسجد نبوی، مدینہ منورہ اور جنت البقیع وغیرہ سے متعلق آپ کے ذہن میں جو پاکیزہ خیالات ہیں، ان دونوں خوابوں میں انہی خیالات کا عکس دکھایا گیا ہے۔

    (۳) اس خواب میں آپ نے جس ہستی کو دیکھا ہے، اگر قرائن سے آپ کو لگا ہے کہ یہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی ہے تو آپ نے بلا شبہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہی کو دیکھا ہے، یہ آپ کے لئے بڑی سعادت اور خوش بختی کی بات ہے، بس اپنی زندگی میں اتباع سنت کی طرف خوب دھیان دیں، ان شاء اللہ دونوں جہاں کی کامیابی نصیب ہوگی۔ آپ نے جس حدیث کا ذکر کیا ہے، صحاح و سنن کی بیشتر کتابوں میں یہ روایت آئی ہے، اس کی تشریح کے لئے دیکھیں: تحفہ : الامعی، چھٹی جلد، باب تعبیر الروٴیا ء وغیرہ ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند