• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 164043

    عنوان: ایک خواب دیکھ رہی ہوں میں جس میں جیسے کوئی شادی کی تقریب ہے ...

    سوال: پچھلے ایک دو سالوں سے کئی بار ایک خواب دیکھ رہی ہوں میں جس میں جیسے کوئی شادی کی تقریب ہے اور میں موجود ہوں لیکن کچھ پریشان سی ، کبھی اپنی چھوٹی بہن کی شادی کی تیاری کا خواب۔ دو بار اپنی شادی کا منظر دیکھا جس میں ایک میں تو دولہن کے جوڑے میں بیٹھے ہوئے بھی دیکھا لیکن وہاں کے ماحول میں عجیب سی پریشانی ہے اور بعد میں یہ ہوا کہ دولہا نہیں مل رہا تو پھر کچھ لوگ اسے ڈھونڈنے کے لئے گئے۔ لیکن اب پچھلے سال اپریل سے میرا رشتہ چل رہا ہے ایک شخص سے (نہایت ہی نیک ، حافظ قرآن ، صرف ساڑھے چار مہینے میں حفظ کیا تھا۔ ہر طرح سے اعلی درجے کا انسان) ۔ تب سے کئی بار استخارہ کی دعاء تو پڑھی لیکن کبھی صلاة الاستخارہ نہیں پڑھی۔ لیکن اب ایک سال بعد انہیں ابھی دو مہینے پہلے ایک طرح کے بلڈ کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ تو اب میں نے رمضان میں بھی کئی بار صلاة الاستخارہ پڑھی لیکن کوئی خواب جیسا کچھ نہیں ہوا۔ لیکن ابھی کچھ دنوں پہلے استخارہ کی نماز پڑھ کے سوئی تھی تو پھر ویسا ہی خواب دیکھا کہ میری چھوٹی بہن کی شادی کا دن ہے اس کو تیار کر رہی ہوں جب خود تیار ہونے گئی تو میرے پاس کوئی پہننے کو نئے کپڑے نہیں ملے۔ تو میں نے سوچا کسی سے مانگ لوں، کوشش بھی کری، مارکیٹ بھی گئی لیکن واپس آگئی، کچھ حساب نہیں بنا۔ پھر شام ہونے لگی تو سوچا کہ اب جو ہے میرے پاس اسی میں سے ہی اچھا سا کوئی لے کر پہنوں گی۔ بس خواب ختم۔ خواب میں پریشان تھی یا نہیں یہ نہیں پتا لیکن خوشی تو نہیں تھی جیسی بہن کی شادی میں ہوتی ہے۔ (بہن کا بھی رشتہ لگا ہوا ہے) کیا اس خواب کا میری شادی سے کوئی مطلب ہے؟ یا ایسے ہی ہر بار کی طرح بس ایسے ہی دیکھا۔

    جواب نمبر: 164043

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1340-1183/D=12/1439

    شادی اور رشتہ کے سلسلہ میں آپ یَا لَطِیْفُ یَا وَدُوْدُ پڑھتی رہا کریں اگر عشاء بعد چھ سو (۶۰۰) مرتبہ اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ لیا کریں تو اور بہتر ہے اور جب کوئی رشتہ آئے تو استخارہ کی نماز پڑھ کر سوجائیں سات دن تک ایسا کریں پھر دل کا رجحان جس طرف ہو اس کے مطابق عمل کریں۔ ان شاء اللہ غیب سے بہتر رشتہ آئے گا۔

    خواب میں شادی کی تقریب اور چھوٹی بہن کی شادی کے قصے جو نظر آئے ہیں یہ سب پراگندہ خیالات ہیں ان کی طرف کوئی توجہ نہ دیں واقعات میں ان کا کوئی اثر اور دخل نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند