• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 163849

    عنوان: کسی ایسی كتاب كی رہنمائی جس میں بنیادی ارکان نماز ، روزہ، حج ، زکات اور عمرہ وغیرہ كا ذكر ہو

    سوال: حضرت مفتی صاحب! میرا تعلق کراچی پاکستان سے ہے۔ میرے کچھ سوالات ہیں۔ اگر کسی شخص نے یہ کہا کہ ”یا اللہ میں آپ سے عہد کرتا ہوں کہ آئندہ میں کبھی فحش چیزیں نہیں دیکھوں گا اور نہ فحش کلامی کروں گا اور اگر مجھ سے ایسی غلطی ہو گئی تو میں اپنی آمدنی کا 10% حصہ صدقہ کروں گا“۔ اس شخص کو یہ یاد نہیں کہ اس نے اس عہد کے ساتھ قسم بھی کھائی تھی یا نہیں، غالب گمان یہی ہے کہ قسم نہیں کھائی۔ (۱) اب غلطی کی صورت میں کیا اس شخص کو قسم کا کفارہ بھی ادا کرنا ہوگا یا صرف 10% آمدنی کا حصہ صدقہ کرنا ہوگا؟ (۲) کیا ایک بار یہ عہد توڑنے سے یہ عہد ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے گا یا ہمیشہ قائم رہے گا؟ (۳) یہ عہد تین بار ٹوٹ جانے پر 30% آمدنی کا حصہ صدقہ کرنا ہوگا؟ (۴) کیا بیوی سے بھی بے ہیجانی گفتگو کرنے کی صورت میں اس شخص کا عہد ٹوٹ جائے گا؟ (۵) کسی ایسی آسان کتاب کا نام بتادیں جس کے ذریعہ اسلام کے بنیادی ارکان نماز ، روزہ، حج ، زکات اور عمرہ وغیرہ سے متعلق تمام مسائل سمجھے جاسکیں۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 163849

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1249-1177/M=11/1439

    (۱تا ۳) اگر گمان غالب یہ ہے کہ قسم نہیں کھائی تھی تو عہد ٹوٹنے کی صورت میں قسم کا کفارہ لازم نہ ہوگا البتہ عہد کے مطابق آمدنی کا دس فیصد حصہ صدقہ کردینا چاہیے، اگر عہد کے وقت تکرار پر دلالت کرنے والا لفظ مثلاً جب جب نہیں کہا تھا تو ہربار دس فیصد آمدنی کا صدقہ لازم نہ ہوگا۔

    (۴) بیوی سے ہیجانی وشہوانی گفتگو اس میں داخل نہیں۔

    (۵) تعلیم الدین، بہشتی زیور، تعلیم الاسلام وغیرہ مطالعہ کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند