• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 161244

    عنوان: مختلف بیماریوں میں ایک روحانی علاج کا حکم

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ فیس بک پہ عبقری میگزین والوں نے ایک ویڈیو اپلوڈ کی ہے جس میں روحانی ڈاکٹر بتاتا ہے کہ اگر آپ کو کوئی لاعلاج بیماری لاحق ہو یا کوئی اور پریشانی ہو تو آپ اپنے ناخون کاٹ کر سفید کپڑا، سفید ٹشو یا پھر سفید کاغذ میں لپیٹ کر اس نیت کے ساتھ کہ ناخون کو آپ نے کفن میں لپیٹا ہے کئی زمین میں دفن کر دینا۔ اور یہ عمل5 یا 6 بار کرنا انشاء اللہ بیماری دور ہو جائے گی یا پریشانی ختم ہوگی۔ مفتی صاحب کیا ایسے کرنے سے واقعی میں مسائل یا بیماری کا روحانی علاج ممکن ہے ۔ اور دین میں کہیں سے ایسا ثابت ہے یا طب نبوی (ص) میں ایسا کوئی طریقہ علاج ہے ۔ رہنمائی فرما دیں شکریہ

    جواب نمبر: 161244

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:930-797/N=8/1439

    مختلف بیماریوں میں سوال میں مذکور طریقہ ٴ علاج کی جو تفصیل ذکر کی گئی ہے، اگر اس میں تفصیل بالاکے علاوہ خلاف شرع کوئی عقیدہ یا عمل نہیں پایا جاتا تو یہ طریقہ ٴعلاج مباح وجائز ہے اور چوں کہ یہ واجب، سنت یا مستحب نہیں ہے، یعنی: از قبیل عبادت نہیں ہے؛ بلکہ دیگر دنیوی علاج کی طرح ایک علاج ہے؛ اس لیے صراحتاً کسی خاص نص سے اس کا ثبوت ضروری نہیں، صرف اس میں کسی خلاف شرع عقیدہ یا عمل کا نہ پایاجانا جواز کے لیے کافی ہے۔

    مستفاد:جوزوا الرقیة بالأجرة ولو بالقرآن کما ذکرہ الطحاوي؛ لأنھا لیست عبادة محضة ؛بل من التداوي (رد المحتار،کتاب الإجارة، باب الإجارة الفاسدة، مطلب: تحریر مھم في عدم جواز الاستیجار علی التلاوة والتھلیل ونحوہ مما لا ضرورة فیہ ۹:۷۸ط مکتبة زکریا دیوبند)،إن الرقیة لیست بقربة محضة فجاز أخذ الأجرة علیھا(تکملة فتح الملھم،باب جواز أخذ الأجرة علی الرقیة بالقرآن ۴: ۳۳۰،ط: دار إحیاء التراث العربي بیروت)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند