• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 160646

    عنوان: خواب میں حضرت ابوبكر رضی اللہ عنہ كو دیكھنا

    سوال: دو سال پہلے میں نے ایک خواب دیکھا، جس میں میں حضرت ابوبکر صدیق (رضی اللہ عنہ) کے گھر میں گیا، اس جھوپڑی میں کوئی نہیں تھا، رات کا وقت تھا اور ایک چراغ جل رہا تھا لیکن مجھے وہ نظر نہیں آئے، صرف ہلکی سی روشنی تھی اس جھوپڑی میں۔ خواب میں مجھے لگ رہا تھا کہ میں کچھ چرانے آیا ہوں، پر دیواروں اور چھت کے علاوہ مجھے کچھ نظر نہیں آیا، چراغ بھی نہیں۔ وہاں اتنا دبدبہ اور رعب تھا کہ میرے سینے میں دَرد ہونے لگا اور میں ڈرنے لگا خواب میں۔ یہاں تک کہ وہ سینے کا دَرد مجھے تین دن تک تھا نیند سے اٹھ جانے کے بعد تین دن حقیقت میں۔ آپ کچھ رہنمائی فرمائیں، ایسا تو نہیں کہ مجھ سے کوئی کبیرہ گناہ ہوا ہو صحابی کے تعلق سے۔

    جواب نمبر: 160646

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:922-815/sd=8/1439

    خواب میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو دیکھنا بہت بڑی سعادت ہے ،معبرین نے لکھا ہے کہ خلیفہ اول کو خواب میں دیکھنے والے کو زندگی میں خوشی نصیب ہوگی ؛ لیکن آپ کو چونکہ حضرت صدیق اکبر بالکل نظر نہیں آئے اور خواب میں حضرت کے گھر میں چوری کا احساس بھی ہوا اور ساتھ میں ڈر اور دبدبہ بھی محسوس ہوا ، اس سے معاملات اور اخلاص میں کمی کی طرف اشارہ اور تنبیہ معلوم ہوتی ہے ،آپ دوسروں کے حقوق خوب اہتمام سے اداء کریں، اگر کسی کا مالی حق آپ کے ذمہ ہو، تو جلد از جلد اداء کریں اور اعمال میں اخلاص پیدا کریں ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند