• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 160625

    عنوان: پولیو ڈراپ پلانا كیسا ہے؟

    سوال: حضرت، میرا سوال پولیو ڈراپ کے بارے میں ہے جو پاکستان میں تقریباً ہر سال بچوں کو پلایا جاتا ہے، اور ہمارے علاقے کے علمائے کرام فرماتے ہیں کہ پولیو ڈراپ یہودیوں کی ایک سازش ہے جو پولیو ڈراپ کے ذریعہ الفارمیشن لیتے ہیں اور معاشرے کو بدنام کرتے ہیں۔ ایک عالم صاحب نے اتنا کہا کہ پولیو ڈراپ میں جنسی خواہشات بڑھانے کے لئے کچھ چیزیں استعمال ہوتی ہیں اس لئے آج کل کے دَور میں لڑکے اور لڑکیاں دونوں کی خواہشات زیادہ ہوتی ہیں بنسبت پہلی صدیوں کے لوگوں کے، کیا پولیو ڈراپ لینا حرام ہے؟ یا اس کے پینے میں کوئی گناہ تو نہیں؟ میرا دوسرا سوال یہ ہے کہ ہمارے گاوٴں میں ایک بوڑھی عورت تھی جس نے قرآن کریم کا ناظرہ نہیں پڑھا تھا، کسی دوسرے شخص نے اسے کہا کہ آپ قرآن پاک کو کھول کر انگلی اس پر پھیرتی رہیں اور کہیں کہ اس میں جو کچھ ہے یہ سچ ہے، اس میں جو کچھ ہے یہ سچ ہے، تواس طرح آپ کو قرآن پاک پڑھنے کا پورا پورا ثواب ملے گا، کیا ایسا کرنے سے ثواب ملتا ہے؟ یا پھر عذاب؟

    جواب نمبر: 160625

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 802-738/D=8/1439

    (1)  کسی قابل اعتماد لیبرٹی میں جانچ کرائی جائے اگر کوئی نجس یا حرام جز اس میں شامل ہو تو اس کا پلانا جائز نہ ہوگا، نیز لیبرٹی جانچ سے تجزیہ کے ذریعہ وہ باتیں بھی معلوم کی جاسکتی ہیں جو علما یا ایک عالم کے حوالہ سے آپ نے سوالنامہ میں لکھا ہے مگر یہ کام دیندار ماہر ڈاکٹروں کے تحقیق کرنے کا ہے۔

    (2)  بغیر وضو قرآن چھونا منع ہے اگر باوضو کبھی محبت و عقیدت میں ایسا کرلے تو نیک نیتی کا ثواب مل جائے گا مگر اس عمل کو بطور شغل کے اختیار کرنا صحیح نہیں اور اسے تلاوت کے قائم مقام جاننا غلط ہے اس سے بہتر یہ ہے کہ قرآن شریف کی چھوٹی سے سورت مثلاً سورہ اخلاص، یا کوئی آیت مثلاً آیت الکرسی زبانی یاد کرکے سو دو سو مرتبہ پڑھ لے۔ اپنی طرف سے کوئی عمل گڑھنا اور اسے تلاوت کے قائم مقام قرار دینا غلط ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند