• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 160410

    عنوان: کسی جانور کو زندہ دفن کرنا؟

    سوال: حضرت، میرے ایک دوست کے دوست نے گھر کے حالات (اثرات) کی وجہ سے عامل سے رابطہ کیا۔ اس عامل کے کہنے پر ان صاحب نے گھر میں زندہ جانور (خنزیر) کے بچے کو دفن کیا تھا، علاج تو نہیں ہوا نہ راحت ہوئی۔ اب انہیں افسوس ہوا تو وہ جاننا چاہتے ہیں کہ اس کا کیا کفارہ ہوگا؟

    جواب نمبر: 160410

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:759-650/D=8/1439

    کسی بھی جاندار کو خواہ اس کا کھانا حلال ہو یا حرام یا وہ نجس العین ہی کیوں نہ ہو بلاوجہ ایذا پہنچانا گناہ ہے اور زندہ دفن کرنا تو ایذا رسانی کی آخری شکل ہے، بہرحال مخلوق خدا کے ساتھ بلاکسی وجہ شرعی کے ایسا معاملہ کرنا سخت گناہ کا کام ہوا جس سے بارگاہ ایزدی میں توبہ واستغفار کریں۔ امید ہے کہ اللہ تعالیٰ معاف فرمائیں گے الراحمون یرحمہم الرحمن ارحموا أہل الأرض یرحمکم من في السماء․ وفي روایة الترمذي من في الأرض (عون المعبود: ۱۳/ ۲۸۵)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند