• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 158292

    عنوان: حرم شریف میں جنگی احوال خواب میں دیكھنا

    سوال: حضرت، میں انڈیا سے ہوں اور ریاض میں ۶/ سال سے رہ رہا ہوں، اور الحمد للہ! دو بار میں نے حج بھی کیا، اور میری ساری فیملی، والدین ، بیوی اور میرے بھائی کا بھی ہوگیا۔ اور وقتاً فوقتاً عمرہ بھی ہوتا رہتا ہے الحمد اللہ۔ میں ایک فوجی کے پروجیکٹ پر کام کرتا ہوں سعودی ملک کی فورسز کے۔ مجھے دو بار بہت برے خواب آئے اللہ حفاظت کرے جو تھوڑے یکساں ہیں۔ (۱) میں جہاں کام کرتا ہوں وہ ایک فوجی سہولت ہے اور آج کل سعودی عرب کی حوثیوں کے خلاف جنگ چل رہی ہے۔ تو میرے خواب میں یہ آیا کہ یمن سے کئی میزائل ہماری facilities (سہولیات مہیا کرنے والی جگہیں)پر حملہ کر رہی ہے اور سب طرف تباہی ہی تباہی ہوئی ہے، ہمارے وَرک ایریا (کام کرنے کے علاقے) کے بازو میں اور بھی دو فوجی facilities ہے جس پر بھی حملہ ہوا اور وہ بھی تباہ ہوگئی۔ ہم سب لاچار اور بے بس دیکھ رہے ہیں اور کچھ کر بھی نہیں سکتے۔ اور ہم آپس میں یہ بول رہے ہیں کہ واپس دشمن کو جواب دینے کے لیے ہمارے پاس کوئی اطلاع بھی نہیں ہے کہ ہم ان لوگوں کو کس طرح روکیں۔ (۲) میں اپنے والدین کے ساتھ عمرہ یا حج پر گیا ہوا ہوں اور حرم کے پاس ہم ایک مسجد میں ہیں۔ ہم سب کو یہ پتا چلا کہ مکہ پر دشمنوں کا حملہ ہوا اور میں والدین کو نیچے مسجد میں بیٹھا کر اوپر گیا اور دیکھا کہ کئی میزائلیں فائر ہو رہی ہیں مکہ پر اور کچھ intercept (راہ میں رکاوٹ ڈالنا ) ہورہی ہے محب وطن میزائل (patriot missiles) سے۔ اور پھر دیکھا کہ دوسری طرف سے دشمنوں کے کچھ ٹینکر اور ٹرک حرم شریف کے پاس آرہے ہیں اور حجاج کو شہید کر رہے ہیں، پھر حرم کی دیواریں توڑ کر طواف کے ایریا میں آگئے کعبہ شہید کرنے کے لیے نعوذ باللہ۔ کچھ لوگ جو حرم میں ہیں وہ بندوق/ رائفل بانٹ رہے ہیں دشمن کا سامنا کرنے کے لیے۔ میں موت کے خوف سے پیچھے ہٹ رہا ہوں مگر دل میں تکلیف بھی ہورہی ہے کہ یہ میں کیا کر رہا ہوں پیچھے ہٹ کر، اس کے بعد میری نیند کھل گئی۔

    جواب نمبر: 158292

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:584-535/H=5/1439

    دونوں خوابوں کی تعبیر یہ ہے کہ حرم شریف اور اس کے آس پاس ظاہری وباطنی فتنوں کی کثرت ہے اور وہ اتنے خطرناک فتنے ہیں کہ بڑے بڑے لوگ بھی ان سے بچنے بچانے میں اپنے آپ کو عاجز وکمزور سمجھ رہے ہیں، اللہ پاک حرمین شریفین زادہما اللہ شرفا وکرامة وہیبة کو تمام فتن وشرور سے محفوظ فرمائے اور سربراہانِ مملکتِ اسلامیہ کے دلوں میں خوف وخشیت پیدا فرماکر فتنوں کو فتنہ سمجھنے اور ان سے تحفظ وبچاوٴ کی خاطر انصاف کے ساتھ حکمرانی کی توفیق بخشے، جمیع اہل اسلام کو گناہوں سے بچنے کے لیے جذباتِ صالحہ عطاء فرمائے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند