• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 157174

    عنوان: خواب میں دیکھا کہ میرے تائے کے بیٹے نے زہر کھا لیا ہے

    سوال: حضرت، میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے تائے کے بیٹے نے زہر کھا لیا ہے اور وہ اس کو قے کرا رہے ہیں۔ اور کچھ دن کے بعد دیکھتا ہوں کہ میرے چچا نے زہر کھا لیا ہے۔ براہ کرم خواب کی تعبیر بتائیں۔ ہمارے چچا پاگل ہیں اور ان کی مستقل دوائی چلتی رہتی ہے، کبھی بالکل ٹھیک ہو جاتے ہیں کبھی حالت پلٹ جاتی ہے۔ چچا جان والا خواب میں نے تین دن کی جماعت میں دیکھا تھا۔

    جواب نمبر: 157174

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:349-274/N=3/1439

     آپ کے دونوں خواب شیطانی معلوم ہوتے ہیں، آپ جب اپنے بارے میں یا کسی عزیز کے بارے میں اس طرح کا خواب دیکھا کریں تو درج ذیل تین کام کرلیا کریں،إن شاء اللہ شیطان اور خواب کے شر سے حفاظت رہے گی:

    الف:آنکھ کھلنے پر شیطان مردو د اور اس پریشان کن خواب کے شر سے تین مرتبہ اللہ کی پناہ مانگیں، مثلاً یوں کہے: أَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطَانِ وَشَرِّ ھٰذِہِ الرُّوٴْیَا۔

    ب:بائیں جانب تین بار تھتکار دیں۔

    ج: اور اگر رات باقی ہو اور مزید سونے کا ارادہ ہو تو کروٹ بدل کر سوجائیں۔

    عن جابرقال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: إذا رأی أحدکم الروٴیا یکرھھا فلیبصق عن یسارہ ثلاثاً ولیستعذ باللہ من الشیطان ثلاثاً ولیتحول عن جبنہ الذي کان علیہ، رواہ مسلم (مشکاة المصابیح، کتاب الروٴیا، الفصل الأول،ص: ۳۹۴، ط: المکتبة الأشرفیة دیوبند)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند