• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 154206

    عنوان: میں نے ایک خواب میں دیکھا کہ میں اور میری فیملی ایک بہت خوبصورت جگہ سیرو تفریح کے لیے جاتے ہیں

    سوال: (۱) میں نے ایک خواب میں دیکھا کہ میں اور میری فیملی ایک بہت خوبصورت جگہ سیرو تفریح کے لیے جاتے ہیں اور ان سب کو پانی کی ضرورت ہوتی ہے، انہیں پانی نہیں مل رہا ہوتا، تو میں ایک کنویں سے پانی نکالتا ہوں اور اتنا زیادہ نکالتا ہوں کہ اس کنویں سے پانی ختم ہونے لگتا ہے اور آخر میں گرد آنے لگتی ہے، میرے والد صاحب مجھ سے کہتے ہیں کہ اتنے پانی کی ضرورت نہیں تھی بس کردو۔ (۲) دوسرے خواب میں میں نے دیکھا کہ میں ایک صحابی (رضی اللہ عنہ) کے ساتھ ہوں اور وہ مجھے ایک کمرے میں لے جاتے ہیں جس میں سفید رنگ کی بڑی چادر پردے کے لیے لگی ہوتی ہے اور مجھے بتایا جاتا ہے کہ دوسری جناب حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا ہیں۔ یہ بات بھی میں آپ سے عرض کرتا چلوں کہ میرا اپنے گھر والوں کے ساتھ پردے کے بارے میں شدید اختلاف ہے، میں پردہ کرنے کو کہتا ہوں جب کہ وہ بہت عرصے سے میری بات نہیں مان رہے، اور الٹا مجھے غلط کہتے ہیں، میرا ارادہ بن گیا ہے کہ میں اب گھر چھوڑ دوں گا کیونکہ مجھ سے یہ بے پردگی دیکھی نہیں جاتی۔ براہ کرم آپ سے گزارش ہے کہ مجھے میرے خوابوں کی تعبیر تفصیل سے بتائیں نیز مجھے مشورہ بھی دیں کہ ایسی صورت میں میں کیا کروں؟

    جواب نمبر: 154206

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1429-1340/H=12/1438

    (۱،۲) آپ کے دونوں خواب ماشاء اللہ بہت عمدہ خواب ہیں تعبیر یہ ہے کہ آپ کے گھر والوں کو آپ سے دینی فائدہ پہنچے گا اور آپ کو حضراتِ صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین سے سچی عقیدت و محبت کی دولت عطاء ہوگی ان شاء اللہ یہ تو تعبیر ہے آپ فضائل اعمال میں بالخصوص حکایات (ب) حیاة الصحابہ کا مطالعہ بکثرت کیا کریں تو اس کے ثمرات و برکات ان شاء اللہ دیکھیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند