• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 1529

    عنوان:

    خواب دیکھا کہ میں اپنی کوئی چیز تلاش کررہا تھا...

    سوال:

    تقریبا فجر کی نمازکے وقت میں نے ایک خواب دیکھا ، میں اپنی کوئی چیز تلاش کررہا تھا، اسی اثنا میں کسی نے مجھے اشارہ کیا کہ میرے بغل میں بیٹھے یہ محمد صلی اللہ علیہ و سلم ہیں، تب ہی آپ صلى الله عليه وسلم کا نو ر دکھا ئی دیا، پھر آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے مجھے امام مالک رحمة اللہ علیہ کو اپنے ساتھ لے جانے کا حکم دیا، تاکہ وہ میرا مسئلہ حل کر یں، اچانک امام مالک رحمة اللہ علیہ میر ے سامنے آئے اور فرمایا کہ میر ی زندگی آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے لیے ہے، اور ان کے ہا تھ میں قرآن شریف اور کچھ کا غذات تھے، اور انھوں نے مجھے وہ سب دے دیا ، پھر میر ی آنکھ کھل گئی، بیدار ہونے کے بعد میرا دل بہت دھڑک رہا تھا۔ براہ کر م، اس کی تعبیر بتائیں۔

    جواب نمبر: 1529

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1343/ ھ=1040 / ھ

     

    آپ کا خواب ماشاء اللہ بہت عمدہ ہے، تعبیر  یہ ہے کہ حضرت امام مالک، امام ابوحنیفہ، امام شافعی، امام احمد بن حنبل رحمہم اللہ تعالیٰ رحمة واسعة کی تقلید صحیح طریق پر اختیار کرنا بعینہ حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نیز قرآن کریم و حدیث شریف کا اتباع ہے۔ ان حضرات و ائمہ مجتہدین رحمہم اللہ تعالی نے جو کچھ دلائل حقہ کی چھلنی میں چھان کر اپنے اپنے مقلدین کو دیا ہے وہ قرآن وحدیث ہی ہے۔ دل کا دھڑکنا حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم حضرت امام مالک رحمہ اللہ اور قرآن و حدیث کے بوجھ کے تأثر کی وجہ سے ہوا، یہ طبعی اثر تھا اس میں کچھ مضائقہ نہیں بلکہ آپ کے حق میں بہتر ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند