• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 149006

    عنوان: داڑھی کم سے کم ایک مشت کہاں سے ہونی چاہئے؟

    سوال: (۱) کوئی شخص کسی دوست کو زمین خریدنے میں مدد کرتا ہے اور جس سے زمین خریدی جاتی ہے اس سے طے کرتا ہے کہ مجھے ایک مرلا پر اتنے پیسے دوگے، تو کیا یہ پیسہ لینا جائز ہے؟ جب کہ خریدنے والے کو پتا نہ ہو۔ (۲) قضا نماز پڑھنے کا طریقہ کیا ہے؟ مجھے کسی نے بتایا کہ قضا نماز کی تیسری اور چوتھی رکعت میں بس تین دفعہ سبحان اللہ کہنا چاہئے اور رکوع کر لینا چاہئے، قعدہ کے اندر التحیات کے بعد بھی تین دفعہ سبحان اللہ کہنا چاہئے اورسلام پھیر لینا چاہئے۔ (۳) داڑھی کم سے کم ایک مشت کہاں سے ہونی چاہئے؟

    جواب نمبر: 149006

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 466-380/D=6/1438

    سوال نمبر (۱) واضح نہیں ہے۔ زمین خریدنے میں مدد کس طرح کی کرتا ہے؟ جس سے خریدی جاتی ہے اس سے پیسہ کس بات کے لینا طے کرتا ہے، صاف صاف لکھیں۔

    (۲) قضا نماز پڑھنے کا طریقہ وہی ہے جو ادا نماز کا ہے بس نیت قضا کی کی جائے گی۔ البتہ قضا نمازیں زیادہ ہونے کی وجہ سے یا وقت کے تنگی کے سبب تیسری چوتھی رکعت میں اسی طرح التحیات کے بعد درود شریف وغیرہ کی جگہ تین دفعہ سبحان اللہ پڑھ لے تو اس سے بھی نماز ادا ہوجائے گی، کیونکہ تیسری چوتھی رکعت میں قرأت کرنا یا سکوت اختیار کرنا یا سورہٴ فاتحہ کے علاوہ کچھ اور پڑھنا سب جائز ہے۔

    اسی طرح قعدہ میں درود شریف اور دعا پڑھنا سنت درجہ کی چیز ہے۔

    (۳) داڑھی ایک مشت ہو یعنی اس سے زائد کو کاٹنے کی اجازت ہے، ایک مشت تھوڑی کے نیچے اور اسی طرح ہرطرف سے ہو جس طرف سے زائد ہوجائے ادھر کاٹ سکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند