• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 3019

    عنوان:

    نکاح کی کم ازکم بینادی شرائط کیا ہیں؟

    سوال:

    نکاح کی کم ازکم بینادی شرائط کیا ہیں؟

    جواب نمبر: 3019

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 565/ ل= 565/ ل

     

    نکاح میں دو بنیادی چیزیں ہیں: (۱) ایجاب و قبول۔   (۲) شہادت۔ متناکحین میں سے جس کا کلام پہلے صادر ہو وہ ایجاب کہلاتا ہے اور جس کا بعد میں ہو وہ قبول کہلاتا ہے، آج کل عموماً قاضی لڑکی کی طرف سے وکیل ہوکر ایجاب کرتا ہے اور لڑکا اس کو قبول کرتا ہے اور ایجاب و قبول کے صحیح ہونے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں بالغ ہوں ورنہ ان کے اولیاء ان کی طرف سے ایجاب و قبول کریں گے۔ اسی طرح مجلس متحد ہو یعنی دونوں مجلسِ نکاح میں موجود ہوں یا ان کی طرف سے وکیل ان کی نیابت کرے جیسا کہ آج کل لڑکی کی طرف سے اس کا وکیل لڑکی کا نائب ہوتا ہے نیز قبول ایجاب کے مخالف نہ ہو اور نہ ہی ایجاب کسی کی طرف مضاف ہو اور نہ کسی چیز پر معلق ہو جیسے مثلاً یہ کہے کہ میں نے تجھ سے کل آئندہ شادی کی یا یہ کہ میں نے تجھ سے شادی کی اگر زید آئے وغیرہ، اسی طرح جس سے نکاح ہورہا ہے وہ مجہول نہ ہو۔ ایجاب و قبول ماضی کے لفظ سے ہو اور متناکحین میں سے ہرایک (اگر دونوں موجود ہوں) یا ان کا وکیل (اگر دونوں موجود نہ ہوں) دوسرے کے کلام کو سن رہے ہوں۔ اسی طرح اس ایجاب و قبول پر کم سے کم دو ایسے گواہوں کا ہونا ضروری ہے جو دونوں مجلس نکاح میں ہوں آزاد ہوں (یا ایک مرد اور دو عورتیں ہوں) دونوں مکلف ہوں مسلمان ہوں دونوں بیک وقت دونوں کے کلام کو سن رہے ہوں اور سمجھ رہے ہوں کہ یہ نکاح ہے۔ وھذا التفصیل کلہ في الدر المختار ورد المحتار)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند