• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 159076

    عنوان: رشتہ طے كرنے كے فوٹو دیكھنا دكھانا كیسا ہے؟ نیز رشتہ طے كرنے كا طریقہ كیا ہے؟

    سوال: (۱) نکاح کے لیئے رشتہ ڈھونڈنے کا سنت طریقہ اور آداب کیا ہیں اور شریعت میں اس کا کیا طریقہ بتایا گیا یہ ۔ (۲) مفتی صاحب ہمارے یہاں رشتہ ڈھونڈنے کے لیے ایک رشتہ لگانے والا ہوتا ہے وہ شخص لڑکے اور لڑکیوں کی تصویر لاکر بتاتا ہے ۔ جب کسی کو لڑکی کی تلاش ہوتی ہے تو اس کو لڑکی لڑکی پسند آتی ہے تو وہ شخص لڑکے والوں کو لڑکی والوں کے پاس لے جاتا ہے ۔ یہ لوگ لڑکی دیکھتے ہیں اور دوسری بار وہ لڑکی والے آکر لڑکے کو دیکھتے ہیں۔ جب بات آگے بڑھتی ہے تو پھر ہ دوبارہ اپنے سارے رشتے داروں کو لے کر آتے ہیں اور پھر دیکھتے ہیں ۔پھر منگنی طے ہوتی ہے وہ بڑی دعوت ہوتی ہے ۔ پھر منگنی کے باد چند دن بعد سارے جمع ہوکر دعوت ہوتی ہے اور شادی کی تاریخ طے ہوتی ہے ۔ جب نکاح ہوتا ہے تو اُسے ایک دن پہلے کودے مان کی رسم ہوتی ہے اس میں دعوت ہوتی ہے اور دیر رات کو یہ لوگ ڑکی کے لیے کپڑے لے جاتے ہیں، اوریہ بھی طے کرتے ہیں کہ کتنا لیجانا ہے اور پھر وہ لوگ آکر لڑکے کو ہلدی لگاتے ہیں ۔ اور بہت کچھ ہوتا ہے ۔ براہِ کرم شریعت کی رو سے رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 159076

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:626-588/M=6/1439

    رشتہٴ نکاح، دیکھنے اور پسند کرنے کے لیے لڑکے اور لڑکی کا فوٹو کھینچنا یا کھنچوانا ناجائز ہے اوراس مقصد کے لیے ایک دوسرے کو فوٹو بھیجنا یا مطالبہ کرنا بھی نادرست ہے، اور اس غرض سے رشتہ لگانا والے کو فوٹو دینے سے بھی بچنا چاہیے، منگنی کی تقریب کو ضروری سمجھنا بھی جہالت ہے اور اس تقریب میں یا اس کے چند دن بعد لمبی چوڑی دعوت کا اہتمام بھی فضول ہے۔ نکاح سے ایک دن پہلے جو منڈھے کی رسم ہوتی ہے وہ بھی غلط ہے، لڑکے کو ہلدی لگانے کی رسم بھی متعدد قباحتوں پر مشتمل ہونے کی وجہ سے واجب الترک ہے الغرض رشتہ ڈھونڈنے سے لے کر نکاح اور ولیمہ ہونے تک تمام غیرشرعی رسومات سے احتراز لازم ہے، ہرکام شریعت کے مطابق ہونا چاہیے۔ رشتہ تلاش کرنے میں فوٹو دیکھنے دکھانے کا عمل نہیں ہونا چاہیے اگر رشتہ دیکھا ہوا نہیں ہے تو دیکھنے کے لیے لڑکا اور لڑکی کے اہل خانہ، ایک دوسرے کے گھر جاسکتے ہیں، اور بہتر یہی ہے کہ اولیاء کے ذریعہ یہ کام انجام پائے لیکن لڑکی کو نامحرم مردوں کے لیے دیکھنا جائز نہیں، لڑکے کی والدہ بہن بھابھی وغیرہ لڑکی کو دیکھ لیں، اور نکاح کے ارادے سے خود لڑکا اور لڑکی دونوں ایک دوسرے کو کسی حیلہ بہانے سے ایک نظر دیکھ لیں تو اس کی بھی گنجائش ہے، اگر رشتہ پسند نہ آئے تو فوراً اسی وقت انکار نہ کرے اور نہ عیوب بیان کرے اس سے دل شکنی ہوگی، بعد میں مناسب طریقے پر اطلاع پہنچادے اور رشتہ پسند آجائے تو بات پختہ طے کرکے سنت وسادگی کے ساتھ جلد نکاح کرلیا جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند