• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 155927

    عنوان: سسر یا غیرمحرم مرد کی مالش کرنے سے کیا نکاح ٹوٹ جائے گا ؟

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ اگر کوئی شادی سدہ عورت کسی غیر محرم مرد یا سسر وغیرہ کی مالش کرے تو کیا اس کا نکاح ٹوٹ جاتا ہے کہ نہیں؟

    جواب نمبر: 155927

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:135-104/N=2/1439

    اگر کوئی شادی شدہ عورت اپنے سسر یا سسرکے والد یا شوہر کے کسی بالغ یا قریب البلوغ بیٹے یا پوتے کے ہاتھ پیر وغیرہ میں مالش کرتی ہے اور اس دوران دونوں میں سے کسی میں شہوت پیدا ہوجاتی ہے تو عورت اپنے شوہر پر حرام ہوجائے گی؛ اس لیے یہ سب خلاف احتیاط اور خطرے کے کام ہرگز نہیں کرنے چاہیے، سسر کو چاہیے کہ ضرورت پر اپنی بیوی یا کسی بیٹے سے ہاتھ یا پیر میں مالش کرائے۔ اور عورت کا کسی غیر محرم مرد کی مالش کرنا شریعت میں حرام وناجائز ہے ؛ البتہ اس صورت میں عورت اپنے شوہر پر حرام نہ ہوگی اگرچہ دونوں میں سے کسی میں مالش کے دوران شہوت پیدا ہوجائے ، ہاں شہوت پیدا ہوجانے کی صورت میں عورت اور اس غیر محرم مرد میں کسی کا دوسرے کے اصول وفروع سے نکاح جائز نہ ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند