• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 155826

    عنوان: کیا انسان جنات سے شادی کر سکتا ہے؟

    سوال: (۱) کیا انسان جنات سے شادی کر سکتا ہے؟ اگر نہیں! تو حضرت سلیمان علیہ السلام نے ملکہ بلقیس سے شادی کی تھی جو کہ جنات سے تھی۔ حوالہ: غنیة الطالبین، مصنف: حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رحمہ اللہ کی کتاب میں ہے۔ (۲) اللہ آسمانوں کے اوپر ہے لیکن اس کا ہر چیز پر قبضہ ہے اور اللہ انسان سے شہ رگ سے زیادہ قریب ہے مطلب؟ اتنا نزدیک اور دور بھی مطلب؟ (۳) ایک حدیث ہے ” جب جہنم انسانوں سے بھر جائے گی تو جہنم میں اللہ پاک اپنا پاوٴں جہنم میں ڈالیں گے تو سکون ملے گا اسے“ اللہ کا پاوٴں اس سے مراد؟ (۴) اللہ کی کرسی سے کیا مراد ہے؟ اللہ تو بغیر زمان و مکان کے ہے؟ (۵) کیا عوام اگر وقت کے حکمراں کے خلاف ہو جائے تو حکمراں کو ہٹنا چاہئے یا عوام کا قتل حکمراں کے لیے جائز ہے؟ (۶) کن صورتوں میں خودکشی جائز ہے؟

    جواب نمبر: 155826

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:144-307/sn=4/1439

    (۱) کسی انسان کے لیے جنات سے شادی کرنا شرعاً جائز نہیں ہے، تفسیر ابن کثیر میں ہے کہ ملکہ بلقیس انسانوں میں سے تھیں۔

    (۲،۳،۴) ان تینوں امور کی تحقیق کے لیے استوی علی العرش، اسی طرح ”کرسی“ کے ذکر پر مشتمل آیتوں کی تفسیر معارف القرآن اور روح المعانی سے نیز ”قدم“ والی حدیث کی تشریح مرقاة وغیرہ سے دیکھیں، نیز چند اہم عصری مسائل کی دوسری جلد میں اس موضوع پر دو فتاوی ہیں، ان کا مطالعہ بھی مفید ہوگا، آخر الذکر کتاب دارالعلوم کی سائٹ پر موجود ہے۔

    (۵) اس سوال کا جواب حکومت کی نوعیت نیز مقامی صورت حال کی جانکاری پر موقوف ہے؛ لہٰذا جہاں کا مسئلہ ہو وہاں کے معتبر مفتیان سے اس کا جواب معلوم کرلیں۔

    (۶) کسی بھی صورت میں جائز نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند