• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 150170

    عنوان: اعلیٰ برادری کون کون سی ہوتی ہے؟

    سوال: (۱) اعلیٰ برادری کون کون سی ہوتی ہے؟ (۲) انصاری لڑکے کی تیلی لڑکی سے شادی کرنے کے بارے میں بتائیں کہ یہ صحیح ہے یا نہیں؟ جلد از جلد جواب دیں ، کرم ہوگا۔

    جواب نمبر: 150170

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 841-892/sn=8/1438

    (۱،۲) عرف میں جو برادریاں معزز اور اونچی سمجھی جاتی ہیں وہ ”اعلی برادریاں“ ہیں اور جو برادریاں اپنے پیشہ وغیرہ کی وجہ سے بہت گھٹیا سمجھی جاتی ہیں وہ ادنی برداریاں ہوتی ہیں، شرعی اعتبار سے کسی بھی برادری کی لڑکی کا کسی بھی برادری کے لڑکے کے ساتھ نکاح ہوسکتا ہے؛ البتہ اگر لڑکی ولی کی رضامندی کے بغیر از خود کسی ایسے لڑکے سے نکاح کرلے جس کی برادری لڑکی کی برادری سے عرف میں کافی گھٹیا سمجھی جاتی ہو تو لڑکی کے ولی کو شرعاً یہ حق حاصل ہے کہ وہ شرعی پنچایت میں اپنا اعتراض درج کرائے، پھر اگر شرعی پنچایت میں یہ ثابت ہوجائے کہ واقعةً لڑکے کی برادری گھٹیا ہے تو شرعی پنچایت اس نکاح کو لڑکے کی رضامندی کے بغیر بھی فسخ کرسکتی ہے بہ شرطے کہ ولی اپنا اعتراض لڑکی کے بطن میں حمل ظاہر وواضح ہونے سے پہلے پہلے درج کرائے۔

    (ب) تیلی برادری کی لڑکی کا نکاح اگر اس کا ولی انصاری لڑکے کے ساتھ کردے تو بلاشبہ یہ نکاح صحیح اور لازم ہے؛ بلکہ اگر ولی کی رضامندی سے یہ نکاح نہ ہو، لڑکی ازخود انصاری لڑکے سے نکاح کرلے تو ایسی صورت میں بھی نکاح صحیح اور لازم ہوجائے گا، اور ولی کو حق اعتراض حاصل نہ ہوگا؛ کیونکہ انصاری برادری تیل برادری سے گھٹیا نہیں ہے جیسا کہ معلوم ہوا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند