• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 145669

    عنوان: غیر مسلم کے ساتھ زنا کے بعد تجدید ایمان ونکاح؟

    سوال: مفتیان عظام! ایک شادی شدہ مسلمہ کسی غیر مسلم کے ساتھ بھاگ گئی اور اس کے ساتھ پندرہ بیس دن گزار کر پھر اپنے مسلمان شوہر کے پاس واپس آ جاتی ہے ، اس وقفہ میں وہ اس غیر مسلم کے ساتھ زنا کر چکی ہے ، نہ تو کسی رسم و رواج کے ساتھ شادی کی اور نہ ہی اسلام کے تعلق سے نازیبا الفاظ کہے ۔اب سوال یہ ہے کہ وہ اپنے پہلے شوہر کے ساتھ رہ سکتی ہے یا تجدید ایمان اور تجدید نکاح کی ضرورت ہوگی مسئلہ کی وضاحت فرمائیں اور عند اللّٰہ ماجور ہوں۔

    جواب نمبر: 145669

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 091-081/D=2/1438

     

    بھاگنے والی مسلمہ نے اگر زبان یا عمل سے کوئی شرکیہ و کفریہ بات نہ کی نہ کہی تو مذکورہ عمل سے اس کا ایمان ختم نہیں ہوا بلکہ وہ مسلمان باقی ہے البتہ غیر مسلم کے ساتھ بھاگ جانا اور ناجائز تعلق قائم کرنا سخت بے غیرتی اور حرام کاری کا عمل ہے اسے ایسی گندی حرکت سے توبہ کرنا یعنی اللہ تعالیٰ کے سامنے رو رو کر معافی مانگنا واجب ہے اور آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے بلکہ اجنبی مردوں کے خواہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم کسی قسم کا تعلق بات چیت نہ رکھنے کا عہد کرنا ضروری ہے نیز اس حرکت کے بعد بھی اس کے شوہر کا نکاح ا س کے ساتھ قائم اور باقی ہے اور شوہر پر اسے طلاق دے کر الگ کرنا ضروری نہیں ہے۔ لہٰذا شوہر اطمینان کر لینے کے بعد اسے معاف کردے اور اپنے ساتھ رکھ لے تو کوئی مضائقہ نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند