• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 720

    عنوان: جمعہ کی نماز کی نیت کیسے کی جاتی ہے؟ فرض ہوگی یا واجب کی نیت ہوگی؟ جمعہ کے دن ظہر کے چار فرض کی کون سی نیت ہوگی؟

    سوال:

    براہ کرم، مجھے درج ذیل سوال کا جواب عنایت فرمائیں۔

    جمعہ کی نماز کی نیت کیسے کی جاتی ہے؟ فرض ہوگی یا واجب کی نیت ہوگی؟ جمعہ کے دن ظہر کے چار فرض کی کون سی نیت ہوگی؟

    قضائے عمری نماز کی نیت کیسے کی جاتی ہے؟

    قضائے عمری نماز کن اوقات میں نہیں پڑھتے ہیں؟

    میری بیوی حجاب میں رہتی ہے، وہ پوچھنا چاہتی ہے کہ کیا وہ میرے بھانجہ (میری بہن کا بیٹا، عمر اٹھائیس سال، میری بیوی کی عمر چالیس سال) کے سامنے اپنا چہرہ کھول سکتی ہے؟

    جواب نمبر: 720

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 207/ل=207/ل)

     

    (1)  جمعہ کی نماز فرض ہے اس میں فرض کی نیت ہوگی۔ بدائع الصنائع میں ہے: أما الأول فالجمعة فرض... والدلیل علی فرضیة الجمعة الکتاب والسنة وإجماع الإمة (بدائع الصنائع: 1/577، ط زکریا دیوبند) زبان سے نیت کرنا ضروری نہیں۔ اگر کوئی شخص دل میں جمعہ پڑھنے کا ارادہ کرلے تب بھی نماز ہوجائے گی۔ البتہ اگر کوئی شخص زبان سے نیت کرنا چاہے تو اس طرح کرے ?میں جمعہ کی دو رکعت فرض نماز کی نیت کرتا ہوں واسطے اللہ کے پیچھے اس امام کے رخ میں کعبہ شریف کی طرف اللہ اکبر?.

    (2)  قضائے عمری کی نیت اس طرح کی جائے کہ میرے ذمہ جتنی ظہر کی نمازیں ہیں، ان میں سے پہلی یا پچھلی ادا کرتا ہوں، اسی طرح عصر و مغرب عشاء فجر میں نیت کرے ولو نوی أول ظہر علیہ أو آخر ظہر علیہ جاز وہذا ہو المخلص لمن لم یعرف الأوقات الفائتة أو اشتبہت علیہ وأراد التسہیل علی نفسہ (الأشباہ والنظائر: 1/60، ط دارالعلوم)

    (3)  تین وقتوں (طلوعِ آفتاب ونصف النہار و غروب آفتاب) میں قضائے عمری نہیں پڑھ سکتے، ثلث ساعات لا تجوز فیہا المکتوبة (عالم گیري: 1/52)

    آپ کا بھانجہ آپ کی بیوی کا محرم نہیں ہے اس لیے آپ کی بیوی کا اس کے سامنے چہرہ کھولنا درست نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند