• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 69974

    عنوان: تقریر ختم ہونے کے بعد چندہ ہوتا ہے، اس کے بعد سنت پڑھی جاتی ہے پھر خطبہ ہوتا ہے ،پھر نماز ختم ہونے کے بعد دوبارہ چندہ کرتے ہیں

    سوال: ہماری مسجد میں امام صاحب کی تقریر ختم ہونے کے بعد چندہ ہوتا ہے، اس کے بعد سنت پڑھی جاتی ہے پھر خطبہ ہوتا ہے ،پھر نماز ختم ہونے کے بعد دوبارہ چندہ کرتے ہیں، اس کے بعد امام صاحب لمبی دعا کرتے ہیں ،بلند آواز سے اور مقتدی آمین کہتے ہیں، کیا یہ سنت طریقہ ہے ؟ اگر یہ سنت ہے تو میں بھی اس میں شامل رہوں اگر یہ بدعت ہے تو میں اس سے الگ ہو جاوٴں، میں کیا کروں؟ آپ ہمار ی رہنمائی فرمائیں ۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 69974

    بسم الله الرحمن الرحيم

    امام صاحب کی تقریر ختم ہونے کے بعد ضروریاتِ مسجد کے لیے چندہ کرنے میں تو شرعاً کوئی حرج نہیں ہے؛ لیکن نماز کے بعد دعا سے قبل دوبارہ چندہ کرنے کا جو معمول ہے وہ قابلِ ترک ہے؛ کیوں کہ جن نمازوں کے بعد سننِ موٴکدہ ہیں ان میں مختصر دعا کے بعد فوراً سنن میں مشغول ہونا چاہئے، اس سے زیادہ تاخیر کرنا مکروہ تنزیہی ہے، اسی طرح نماز کے بعد جو جہراً لمبی اجتماعی دعا کرنے کا معمول ہے یہ بھی قابلِ ترک ہے؛ کیوں کہ دعا میں سِرّ (آہستہ آواز سے کرنا) شرعاً مطلوب ہے اس میں قبولیت کی زیادہ امید ہے، اسی طرح اجتماعی کے بجائے انفرادی دعا بہتر ہے۔ آپ امام کے سلام پھیرنے کے بعد مختصراً دعا کرکے سنن میں مشغول ہوجائیں، نیز اگر ہوسکے تو مناسب موقع محل دیکھ کر امام صاحب کو خوش اسلوبی سے یہ مسئلہ بتلادیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند