• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 61016

    عنوان: نماز عید میں امام صاحب آخر کی تین تکبیر بھول گیا اور رکوع میں چلاگیا

    سوال: نماز عید میں امام صاحب آخر کی تین تکبیر بھول گیا اور رکوع میں چلاگیا ، متقدیوں نے یاد دلانے کے لیے لقمہ دیا اور اس انتشار میں کچھ لوگوں کی نیت ٹوٹ گئی،امام صاحب نے نماز پوری کربتایا جی ان لوگون نے نماز ان کے ساتھ بغیر تکبیر کے پوری کی ان کی نماز ہوگئی اور جنہوں نے نیت توڑ دی وہ دوبارہ نماز ادا کریں اور ان کو دوبارہ نماز پڑھائی گئی۔ امام صاحب فرضوں کی تیسری اور چوتھی رکعت میں شاید سورة فاتحہ نہیں پڑھتے، معلوم کرنے پر بتایا کہ اتنی دیر قیام کرنا کہ سبحان اللہ کہہ سکیں یا کچھ خاموش تأمل ․․․․․سورة فاتحہ پڑھنا ضروری نہیں ، نماز صحیح ہوجاتی ہے ۔ براہ کرم، رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 61016

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1155-902/D=11/1436-U (۱) نماز عید کی زائد تکبیریں واجب ہیں جن کے بھول کر چھوڑنے سے نماز ناقص ہوئی بہرحال اعادہ یا سجدہٴ سہو واجب نہیں تھا۔ البتہ جن لوگوں نے انتشار کے سبب نماز توڑدی ان کی نماز نہیں ہوئی مگر دوسرے امام کے پیچھے (جس نے پہلے نماز نہ پڑھی ہو) اگر ان لوگوں نے نماز دوبارہ پڑھ لی تو ان کی نماز ادا ہوگئی۔ (۲) سورہٴ فاتحہ کا پڑھنا سنت یا افضل ہے سکوت اختیار کرنے یا تسبیح پڑھنے کے مقابلہ میں تفصیلی بحث اس کی شامی میں موجود ہے، اس لیے امام صاحب کو جماعت کی نماز میں سورہٴ فاتحہ پڑھ لینا چاہیے کہ خواہ مخواہ مقتدیوں کو انتشار نہ ہو، اور اپنی تحقیق پر عمل انفرادی نماز میں کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند