India
سوال # 2129
مختلف دنوں میں عید کی نماز پڑھنے کی وجہ کیاہے؟ کیا ہندستان سے باہر چاند کا نظر آنا قابل قبول نہیں ہے؟ جب کہ فتوی دارالعلوم جلد ۶/ صفحہ ۰۸۳/۵۸۳/۶۸۲/ پر ہے کہ پوری دنیا میں کہیں اگر چاند نظر آئے تو اس پر عمل کیا جائے گا۔
Published on: Nov 27, 2007
جواب # 2129
بسم الله الرحمن الرحيم
فتوی: 1479/ ب= 1306/ ب
کسی دوسرے مقام سے چاند کی خبر بطریق موجب آئے تو اس پر عمل کرنا واجب ہے۔ بطریق موجب کا مطلب یہ ہے کہ دو عادل متقی پرہیزگار صحیح العقیدہ آدمی آکر اپنے چشم دید چاند دیکھنے کی گواہی دیں۔ فتاویٰ دارالعلوم میں جو کچھ لکھا ہے اس کا یہی مفہوم ہے۔ البتہ اتنے دور ملک کی خبر معتبر نہ ہوگی جہاں کی خبر ماننے سے ہمارے یہاں کامہینہ ۲۸ دن کا یا ۳۱ دن کا لازم آئے۔ شریعت کی طرف سے سہولت دی گئی ہے کہ اگر سخت مسلسل بارش کی وجہ سے گھر سے باہر نکل کر عید کی نماز پڑھنا مشکل ہو، یا کوئی بلوہ پہلے دن ہوگیا یا چاند کی خبر بطریق موجب کہیں سے نہیں آئی تو دوسرے دن عید کی نماز پڑھی جاسکتی ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
اس موضوع سے متعلق دیگر سوالات
میں حنفی المسلک ہوں۔ اگر کوئی شخص نماز جمعہ میں ایک رکعت ہوجانے کے بعد شریک ہوتا ہو، تو اسے کیا کرنا چاہیے؟ اگر کوئی شخص نماز جمعہ میں اس وقت شامل ہورہا ہو جب کہ امام قعدہ میں ہو ، تو اسے کیا کرنا چاہیے؟ اگر کوئی مسجد پہنچے اور معلوم ہو کہ جمعہ کی نماز ہوچکی ہے، تو اب وہ کیا کرے؟ کیا جمعہ کی نمازفوت ہوجانے کا کوئی کفارہ بھی ہے؟
جمعہ کی نماز کی نیت کیسے کی جاتی ہے؟ فرض ہوگی یا واجب کی نیت ہوگی؟ جمعہ کے دن ظہر کے چار فرض کی کون سی نیت ہوگی؟
قضائے عمری نماز کی نیت کیسے کی جاتی ہے؟ قضائے عمری نماز کن اوقات میں نہیں پڑھتے ہیں؟
میرا نام محمد عارف ہے اور میں حنفی ہوں ۔ میرا سوال عید کی نماز کے بارے میں ہے۔ ہمارے گاؤں میں چند لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ عید کی نماز مسجد میں نہیں ہوتی ہے۔ ہمارے گاؤں میں عید گاہ بھی نہیں ہے اور دو سالوں سے لوگوں نے ایک ایسی زمین پر عید کی نماز ادا کی جو وقف نہیں تھی۔ پوچھنا یہ ہے کہ کیا ان کی نماز ہوئی یا نہیں؟اگر ہوئی ہے تو آپ ہماری اس نماز کے بارے میں کیافرماتے ہیں جو ہم مسجد میں پڑھتے ہیں؟ براہ کرم،مجھے دونوں جگہوں کے بارے میں بتائیں۔ مجھے آپ کے جواب کا انتظار رہے گا۔
میں جمعہ کی نماز کے متعلق سوال کررہا ہوں۔ جمعہ کی فرض نماز کے بعد جو چار رکعت سنت نماز پڑھتے ہیں ان کو پڑھنے سے کیا ظہر کی نماز ادا ہوجاتی ہے؟ کیا ان کو پڑھنا ضروری ہے؟
جمعہ کی کل کتنی رکعت ہوتی ہے؟ رہ نمائی فرمائیں۔ میں شافعی المسلک ہوں۔
یہاں سعودی عرب میں کبھی کبھار کچھ مسجدوں میں جمعہ کی نماز ظہر کے وقت سے پہلے پڑھی جاتی ہے، مثال کے طورپر ظہر کاوقت سے 11:50 سے شروع ہوتاہے اور جمعہ کی نماز 11:45 اداکی جاتی ہے، کیا یہ صحیح ہے؟