• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 146253

    عنوان: فیکٹری میں نماز جمعہ ادا كرنا؟

    سوال: ہماری فیکٹری میں نماز جمعہ ادا کی جاتی ہے ۔برائے کرم درج ذیل امور کو مد نظر رکھتے ہوئے ہماری رہنمائی فرمائیں کہ کیا اس جگہ نماز جمعہ کی ادائیگی درست ہے یا نہیں؟ہماری فیکٹری انڈسٹریل ایریا کے اندر واقع ہے جس میں رہائشی آبادی نہ ہونے کے برابر ہے ، اس انڈسٹریل ایریا کے اندر ایک بہت بڑی جامع مسجد واقع ہے جبکہ انڈسٹریل ایریا سے باہر مگر قریب ترین کئی جامع مساجد واقع ہیں۔ہماری فیکٹری کے اندر ایک چھوٹا ہال ہے جسے باجماعت نماز اور نماز جمعہ کے لئے مختص کیا گیا ہے ۔ہماری فیکٹری کے اندر جہاں نماز ادا کی جاتی ہے وہاں نماز ظہر ،عصر اور مغرب باقاعدہ ادا کی جاتی ہیں جبکہ نماز فجر اور نماز عشاء با جماعت نہ ہوتی ہے کیونکہ اس وقت فیکٹری میں ملازمین نہیں ہوتے ۔ہماری فیکٹری کے اندر جو ہال ہے جہاں نماز ادا کی جاتی ہے اس کی چھت فیکٹری کے زیر استعمال ہے اور لوگ اس چھت پر سے گزر کر دوسرے ہال میں جاتے ہیں ۔اتوار کے روز یا کسی بھی سرکاری چھٹی کے روز فیکٹری میں کوئی بھی نماز باجماعت ادا نہیں کی جاتی ۔جس روز کوئی بھی سرکاری چھٹی جمعہ کے روز ہو تو فیکٹری میں نماز جمعہ اور کوئی بھی نماز باجماعت ادا نہیں کی جاتی کیونکہ ورکرز کو بھی چھٹی ہوتی ہے ۔فیکٹری میں نماز کے لئے مختص کئے گئے یال کو شارع عام سے کوئی راستہ نہ ہے ۔ ایک ہی راستہ ہے جو فیکٹری کے مین گیٹ سے داخل ہونے کے بعد ہے ارد گرد کے لوگوں کو نماز کی ادائیگی کے لئے کسی قسم کی کوئی روک ٹوک نہ ہے جو چاہے جب چاہے اس ہال میں آ کر نماز یا جمعہ ادا کر سکتا ہے۔ ان تمام حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے مندرجہ بالا سوال کی رہنمائی فرمائیں ۔

    جواب نمبر: 146253

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 210-168/L=2/1438

    صورت مسئولہ میں اگر وہ علاقہ شہر یا فنائے شہر میں واقع ہے تو اس مسجد میں جمعہ پڑھنا جائز ہوگا، البتہ بہتر یہی ہے کہ کم از کم دو مفتیان کرام کو لے جاکر اس جگہ کا معائنہ کرا دیا جائے بعد معائنہ اگر وہ حضرات اس جگہ جمعہ کی اجازت دیں تو جمعہ قائم کی جائے، ورنہ ظہر باجماعت ادا کی جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند