• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 2061

    عنوان:

    جو کہے کہ معجزہ شق القمر آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ظاہر نہیں ہوا‏، اس کا کیا حکم ہے؟

    سوال:

    ایک شخص کہتاہے کہ واقعہ شق القمر صحیح ہے لیکن بظاہر آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ ظاہر نہیں ہوا، یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا معجزہ نہیں ہے ۔ براہ کرم، اس واقعہ اور اس شخص کے بارے میں قرآن و حدیث کے حوالہ سے اپنی رائے پیش کریں۔

    جواب نمبر: 2061

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 826/ د= 798/ د

     

    معجزہ کی حقیقت غالباً آپ نے اچھی طرح نہیں سمجھی اس لیے آپ کو مذکورہ اشکال پیدا ہوا نبوت کی دلیل کے طور پر ایسے غیبی امور کا ظہور جس کے مثل لانے سے مخلوق عاجز ہو، ان امور کا ظہور خرق عادت کے ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ کا فعل ہوتا ہے معاذ اللہ نبی کا فعل نہیں ہوتا نہ رسول کے ارادہ و اختیار کو اس میں دخل ہے، نبی کے ہاتھ پر ظاہر ہوتا ہے یا اس واقعہ کا نبی کی ذات سے ایسا تعلق ہوتا ہے جس سے وہ دلیل نبوت بن جاتا ہے۔ دلیل نبوت ہونے کے اعتبار سے اس کو نبی کا معجزہ کہتے ہیں، لہٰذا معجزہ شق القمر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا معجزہ ہے۔ تفصیل کے لیے سیرة المصطفیٰ: ج۳ ص۴۲۳ کا مطالعہ فرمائیں تو آپ کو معجزہ کی حقیقت سمجھ میں آجائے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند