• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 156388

    عنوان: نماز میں جی لگانے کا طریقہ

    سوال: حضرت، نماز میں کیسے سکون، اخلاص، استحضار، خشوع پیدا ہو، بہت کوشش کرنے کے بعد بھی اگر نماز میں دھیان بھٹکے، تو کیا کریں؟

    جواب نمبر: 156388

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:241-178/N=3/1439

     (۱، ۲): نماز میں خشوع وخضوع پیدا کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آدمی نماز شروع کرنے سے ایک آدھ منٹ پہلے اپنا ذہن حاضر کرلے اور اس کا استحضار کرے کہ وہ اپنے مالک حقیقی اللہ رب العزت کے سامنے کھڑے ہوکر نماز پڑھنے جارہا ہوں، اس کے بعد نماز میں جو کچھ کرے یا زبان سے پڑھے، وہ مکمل توجہ کے ساتھ کرے اور پڑھے اور اگر کبھی غفلت کی وجہ سے ذہن بھٹک جائے تو توجہ کے بعدفوراً ذہن حاضر کرلے ، شروع میں تو یہ کام دشوار ہوگا؛ لیکن آہستہ آہستہ کچھ عرصہ میں إن شاء اللہ نماز میں خشوع وخضوع کی کیفیت پیدا ہوجائے گی۔

    اور اخلاص کے لیے آدمی کو چاہیے کہ اپنے دل میں اللہ تعالی کی عظمت ومحبت پیداکرے اور یہ سوچے کہ دنیا کے لیے یا لوگوں کے لیے جو نیک کام کیا جاتا ہے، اس کا نفع بہت معمولی ہوتا ہے ، وہ بھی یقینی نہیں ہوتا، محض موہوم ہوتا ہے اور اس میں آخرت کا نقصان الگ ہے، آدمی جب یہ تین کام کرے گا تو إن شاء اللہ اس کے اندر اخلاص کی صفت پیدا ہوجائے گی اور اس کی ہر عبادت صرف اور صرف اللہ تعالی کی رضا وخوشنودی کے لیے ہوگی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند