• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 155181

    عنوان: شوہر كا رویہ غلط ہو تو كیا كریں؟

    سوال: میں نے شادی کے لیے استخارہ کیا تو خواب دیکھا کہ میرے احاطہ میں گلاب کا جو پیڑ ہے اس کو میری چھوٹی بہن پکڑنے جا رہی ہے تو میں نے منع کیا کہ کانٹا چبھ جائے گا ....پھر میں گھر میں جانے لگی تو دیکھا کہ ایک دوسرا بہت گھنی پتی کا گلاب کا پودھا ہے اس میں کلیاں بھری ہیں ....اس کا کیا مطلب ہے ؟ .....اور میں نے یہ بھی مانگا تھا کہ اللہ کا محبوب بندہ ہو ..اور میری ہدایت کا ذریعہ بنے ...دین میں میری مدد کرے اور جہاں خیر ہو وہاں میری شادی ہو ...اس لیے استخارے سے پہلے ہی میں مطمئن تھی...... مگر شادی کے بعد میں نے دیکھا کہ میرے شوہر دین سے دور ہے ... نماز نہیں پڑھتے ....لڑکیوں سے باتیں کرتے ہیں اور ناجائز تعلق ہے .. میرے سے پیار بھی نہیں ہے ...پھر ہم میکے تھے تو ایک لڑکی سے بہت زیادہ بات کرنے لگے اور میرے آنے کے بعد بھی رات رات میں باہر جا کر باتیں کرتے .... پھر ہم لوگوں سے جھوٹ بول کر اس لڑکی کے ساتھ دو بار کئی کئی دن کے لیے گھومنے گیا اور وہاں نا جائز تعلق بھی رکھا، یہ سب ہونے کے بعد مجھے یہ سب اسی لڑکی سے پتا چلا..... اس سے جھوٹا شادی کا وعدہ کیا تھا..... وہ غیر مسلم لڑکی تھی..... پھر یہ سب بات سامنے آنے کے بعد معافی مانگنے لگا... تو میں نے معاف کر دیا ...لیکن پھر بعد میں بہت سی ایسی باتیں ہوئی جس کی وجہ سے لگتا ہے کہ صحیح راستے پر نہیں آئے ہیں.... ساس نند کے چڑھاتے رہنے کی وجہ سے اور مجھ سے دور ہو جاتے ہیں..... اور میرے اتنا پردہ اور احتیاط کے بعد بھی میرے اوپر دو بار شک کر چکے ہیں .....ان کی اس عادت اور میرے لیے کوئی پیار نہ ہونے کی وجہ سے میرا ساتھ میں رہنا دشوار ہو چکا ہے .... ان سب پریشانیوں کی وجہ سے اللّہ کی مرضی سے بیماری بھی ہو گئی ہے ..... مجھے کیا کرنا بہتر ہوگا ...اگر طلاق لیں گے تو کیا میرے آگے کے لیے برا ہوگا؟ اگر ساتھ میں رہنا ہی صحیح ہے تو میرا کیسا رویہ ہو؟ کیوں کہ اب برداشت نہیں ہوتا۔ مہربانی کر کے جلدی جواب دیں۔ جزاک اللہ ۔

    جواب نمبر: 155181

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:53-1TM=2/1439

    صورت مسئولہ میں آپ نے شوہر کے جو احوال ذکر کیے ہیں اگر وہ واقعی اور درست ہیں تو شوہر کا رویہ بلاشبہ افسوسناک ہے شوہر کی جانب سے پیار ومحبت نہ ملنے کے باوجود آپ اپنی طرف سے اگر شوہر کے حقوق ادا کرنے میں کوتاہی نہیں کرتیں اور شوہر کی جانب سے پہنچنے والی پریشانیوں پر صبر کرتی ہیں تو آپ کا عمل بلاشبہ لائق تحسین اور باعث اجر وثواب ہے، صورت مسئولہ میں اگر شوہر نان ونفقہ اور حقوق واجبہ ادا کرتا ہے اور ساتھ رہنے میں حدود اللہ پامال نہیں ہوتے تو پھر طلاق لینے کی بات نہیں سوچنا چاہیے اور جہاں تک ممکن ہو رشتہٴ نکاح نباہنے کی کوشش کرنی چاہیے، شوہر دین سے دور ہے اور فسق وگناہ مبتلا ہے تو اس کی ہدایت واصلاح اور صحیح راستے پر لانے کے لیے دعاوٴں کا اہتمام اور جائز ممکنہ تدابیر اختیار کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند