• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 151442

    عنوان: حدیثوں پر اعتبار کیسے کیا جا سکتا ہے ؟

    سوال: بخاری اور مسلم کی حدیثوں کو چہوڑکر اکثر حدیثوں کے بارے میں کسی نہ کسی محدث کا قول ہوتاہے کہ یہ حدیث ضعیف ہے یا یہ حدیث موضوع ہے ، ایسے میں ان حدیثوں پر اعتبار کیسے کیا جا سکتا ہے ؟ براہ کرم، ضرور جواب دیں۔

    جواب نمبر: 151442

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 903-794/sd=9/1438

    کسی ایک محدث کے قول کی بنیاد پر حدیث کو ضعیف یا موضوع قرار نہیں دیا جاسکتا؛ بلکہ حدیث کو ضعیف یا موضوع قرار دینے کے لیے مستقل اصول اور ضوابط مدون ہیں اور احادیث کے ضعیف یا موضوع ہونے کے سلسلے میں جن محدثین کے اقوال مروی ہیں، ائمہ جرح و تعدیل نے اُن کی بھی تحقیق فرمائی ہے ، ان سب کی روشنی میں ائمہ جرح و تعدیل نہایت عرق ریزی اور ضبط و تحقیق کے بعد احادیث کا درجہ متعین فرماتے ہیں، اسی لیے کسی حدیث کے بارے میں قطعی رائے وہی شخص دے سکتا ہے ، جس کا حدیث کے علوم سے شغف اور اشتغال ہو، عامی اور سطحی علم والے کی رائے اِس سلسلے میں معتبر نہیں ہے ، لہذا اول تو کسی حدیث کے بارے میں اپنے طور پر ایک یا دومحدث کے قول کی بنیاد پر فیصلہ کرنا ہی صحیح نہیں ہے ، نیز اصول حدیث کی رعایت کے بغیر محض محدثین کے اقوال سے حدیث کو غیر معتبر بھی نہیں قرار دیا جاسکتا، پھر سند کے ضعف کی وجہ سے حدیث کے مضمون کو غیر ثابت اور غیر معتبر نہیں قرار دیا جاسکتا، تفصیل کے لیے کتاب حدیث اور فہم حدیث کے روایتی اور درایتی اصول کے باب کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند