• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 151439

    عنوان: اگر کسی تک اسلام کا پیغام نہیں پہنچا تو کیا کفر کے باوجود اس کو عذاب نہیں ہوگا؟

    سوال: اگر کسی تک اسلام کا پیغام نہیں پہنچا تو کیا کفر کے باوجود اس کو عذاب نہیں ہوگا؟ سورہ نمبر ۱۷ آیت نمبر ۱۵کی تفسیر معارف القرآن میں دیکھ کر جواب دیں کہ کن علما اور فقہاء کا ایسا ماننا ہے ؟ مہربانی کرکے تفصیل سے جواب دیں۔

    جواب نمبر: 151439

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 902-810/sd=9/1438

    امام شافعی رحمہ اللہ سے منقول ہے کہ مذکورہ آیت ( /۵۱الاسراء ) سے معلوم ہوتا ہے کہ جو شخص بعثت سے پہلے مرگیا یا اُس کو نبوت کی دعوت نہیں پہنچی ، وہ عند اللہ معذور ہے ، اُس پر عذاب نہ ہوگا، اگرچہ وہ شرک کی حالت میں مرا ہوا؛ کیونکہ احکام خداوندی کی معرفت بدون شریعت کے ناممکن ہے اور احکام الہی کی معرفت کے لیے عقل انسانی کافی نہیں، بغیر بعثت کے حجت تام نہیں، اس لیے جس کودعوت نہیں پہنچی، وہ معذور ہے اور امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ وجود باری تعالی اور توحید خداوندی اس قدر ظاہر و باہر ہے کہ جو معمولی عقل سے بھی معلوم ہوسکتی ہے اور اس میں شک و شبہہ کی گنجائش نہیں ؛ اس لیے انکار خداوندی اور شرک میں کوئی معذور نہیں ہوگا، اگرچہ اُس کو نبی کی دعوت نہ پہنچی ہو، بہرحال!یہ اختلافی مسئلہ ہے ، جس میں فقہائے کرام سے دونوں طرح کے اقوال مروی ہیں، اس طرح کے مسائل میں الجھنا نہیں چاہیے اور ان کو موضوع بحث نہیں بنانا چاہیے ، واضح رہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت رسالت عامہ ہے ، تمام عالم کے لیے ہے ، صحابہ کرام، تابعین اور علمائے امت کے ذریعے مشرق و مغرب میں آپ کی دعوت پہنچ چکی ہے ، اس لیے سب پر ایمان لانا فرض ہے ۔ (تفصیل کے لیے دیکھیے : معارف القرآن ادریسی : ۴۶۴/۴، سورہ بنی اسرائیل )


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند