• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 150816

    عنوان: خواجہ غریب نواز کہنا کیسا ہے؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ معین الدین چشتی رحمت اللہ علیہ کو خواجہ غریب نواز کہنا کیسا ہے ؟ اور اس کے معنی کیا ہیں؟ کیا یہ شرکیہ الفاظ تو نہیں؟

    جواب نمبر: 150816

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1016-1049/M=9/1438

    خواجہ کے مخلف معانی ہیں: خداوند، آقا، سردار، صاحب، کشمیریوں کا لقب (دیکھئے فیروز اللغات) اور غریب نواز کے معنی ہیں: غریبوں کو عطا کرنے والا۔ اگر کوئی شخص معین الدین چشتی رحمہ اللہ کو ”خواجہ غریب نواز“ اس تصور اور عقیدے کے ساتھ کہتا ہے کہ وہ تصرفات کرتے ہیں، وہ غریبوں اور حاجت مندوں کی حات روائی کرتے ہیں، لوگوں کی منتیں پوری کرتے ہیں اور ان کو اولاد وغیرہ دیتے ہیں تو یہ شرک ہے اس تصورکے ساتھ کہنا درست نہیں اور اگر ایسا شرکیہ عقیدہ نہیں ہے صرف لقب کے طور پر خواجہ کہتا ہے اور اس اعتبار سے کہ کہتا ہے کہ وہ غریبوں کا بڑا خیال رکھتے تھے، غریب پرور تھے تو اس میں مضائقہ نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند