• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 12736

    عنوان:

    مجھے قسم قسم کے وسوسے آتے ہیں۔ اللہ رسول کے بارے میں منفی خیالات آتے ہیں۔ میں ان خیالات سے تنگ آگیا ہوں، کیا کروں میری رہنمائی فرمائیں؟

    سوال:

    مجھے قسم قسم کے وسوسے آتے ہیں۔ اللہ رسول کے بارے میں منفی خیالات آتے ہیں۔ میں ان خیالات سے تنگ آگیا ہوں، کیا کروں میری رہنمائی فرمائیں؟

    جواب نمبر: 12736

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 697=523/ل

     

    حدیث شریف میں ہے : حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے چند صحابی بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں حاضر ہوئے اورعرض کیا کہ ہم اپنے دلوں میں بعض ایسی باتیں پاتے ہیں جس کا زبان پر لانا بھی ہم برا کہتے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا کیا تم واقعی ایسا پاتے ہو، صحابہ نے عرض کیا جی ہاں تب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا یہ کھلا ہوا ایمان ہے (مشکاة شریف) ایک اور حدیث میں ہے، حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم میں سے بعض آدمیوں کے پاس شیطان آتا ہے اور یہ کہتا ہے کہ فلاں فلاں چیز کو کس نے پیدا کیا تاآنکہ وہ پھر یوں کہتا ہے کہ تیرے پرودگار کو کس نے پیدا کیا جب نوبت یہاں تک آجائے تو اس کو چاہیے کہ اللہ تعالیٰ سے پناہ مانگے اور اس سلسلے کو ختم کردے۔ (مشکاة شریف) پہلی حدیث سے پتہ چلا کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں منفی خیالات آنا کوئی بری چیز نہیں بلکہ یہ صریح ایمان کی علامت ے، اس لیے کہ اس کی وجہ سے کبیدہ خاطر ہونے کی ضرورت نہیں اوردوسری حدیث میں اس کا علاج بتلایا گیا ہے کہ جوں ہی یہ وسوسہ پیدا ہو، اپنے اللہ سے پناہ مانگو اور اپنے ذہن سے اس فاسد خیال کو جھٹک دو تاکہ وسوسہٴ شیطانی کا سلسلہ منقطع ہوجائے۔ اور دوسری روایت میں ہے کہ یہ کہو کہ میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لایا، وسوسہ کی راہ روکنے کا ایک فوری موٴثر طریقہ علماء نے یہ بھی لکھا ہے کہ مجلس بدل دی جائے یعنی جس جگہ بیٹھے یا لیٹے ہوئے اس طرح کا وسوسہ پیدا ہو وہاں سے فوراً ہٹ جائے اور کسی دوسری جگہ جاکر کسی کام اور مشغلہ میں لگ جائے اس طرح دھیان فوری طور پر ہٹ جائے گا۔ آپ بھی ان تدابیر پر عمل کریں ان شاء اللہ غلط وسوسے آنے بند ہوجائیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند