• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 11052

    عنوان:

    حضرت میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ ایک مسلمان کے کیا عقائد ہونے چاہیے؟ اور کس طریقہ سے ہم اپنا ایمان محفوظ رکھ سکتے ہیں؟ برائے کرم تفصیلی جواب عنایت فرماویں۔

    سوال:

    حضرت میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ ایک مسلمان کے کیا عقائد ہونے چاہیے؟ اور کس طریقہ سے ہم اپنا ایمان محفوظ رکھ سکتے ہیں؟ برائے کرم تفصیلی جواب عنایت فرماویں۔

    جواب نمبر: 11052

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 393=322/د

     

    ایک مسلمان کا یہ عقیدہ ہونا چاہیے کہ اللہ وحدہ لا شریک لہ اس دنیا کے خلالق و مالک ہیں، انھوں نے ہی اس دنیا کو پیدا کیا ہے اور وہی اس کے نظام کو چلارہے ہیں، وہ تن تنہا ہے اس کا کوئی شریک و ساجھی نہیں۔ اور ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں، جن کو اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کی ہدایت کے لیے بھیجا ہے، انھوں نے جو کچھ فرمایا ہے وہ بالکل برحق اور صحیح ہے، ان پر اپنی کتاب (قرآن پاک) نازل فرمائی اس کے تمام احکام سچے ہیں، جن پر ایمان لانا ضروری ہے، اسی طرح یہ بھی عقیدہ رکھنا چاہیے کہ یہ دنیا ایک دن ختم ہوجائے گی اور قیامت قائم ہوجائے گی، ہم کو اس دنیا میں آخرت کی تیاری کے لیے بھیجا گیا ہے، ہم جیسا کریں گے ویسا ہمیں بدلہ ملے گا۔ اچھا کریں گے تو اچھا، برا کریں گے تو برا بدلہ ملے گا۔ نیز اللہ تعالیٰ نے اپنے نیک اور فرماں بردار بندوں کے لیے جنت بنائی ہے اور نافرمان و گناہ گار بندوں کے لیے جہنم بنائی ہے۔ اور روزانہ پانچ وقت نماز ادا کیجیے، رمضان کے روزے رکھئے، نصاب کی بقدر مال ہو تو زکاة دیجیے، او راگر استطاعت ہو تو بیت اللہ کا حج کیجیے، اپنے متعلقین کے حقوق ادا کرتے رہیے اور گناہوں سے پرہیز کیجیے۔ مزید تفصیل کے لیے معتبر دینی کتابوں کا مطالعہ کیجیے جیسے: بہشتی زیور، حیات المسلمین، وغیرہ اور اگر آپ کے یہاں کوئی معتبر عالم دین ہوں تو ان کے باس جاتے رہیے اور ان سے احکام شرعیہ معلوم کرکے عمل کرتے رہیے۔ اس سے ان شاء اللہ ایمان محفوظ رہے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند