• عقائد و ایمانیات >> بدعات و رسوم

    سوال نمبر: 153425

    عنوان: نظر بد سے بچنے کے جو طریقے ہمارے یہاں رائج ہیں كیا وہ درست ہیں؟

    سوال: نظر بد سے بچنے کے طریقے : ہمارے گھر میں میرے بھائی کے بچے کی نظر اتارنے کیلئے یہ طریقے استعمال کئے جاتے ہیں۔ گھر کی بڑی عورت ایک ہاتھ میں شکر اور ایک ہاتھ میں انڈا لے کر انڈے والے ہاتھ کو بچے کے منہ کے سامنے گھماتی ہے اور انڈا وشکر گھر میں استعمال نہیں کرتے صدقہ کر دیتے ہیں۔ اور یہ بھی مانتے ہیں کہ شکر والا ہاتھ نظر کی وجہ سے بھاری محسوس ہو تا ہے ۔ دوسرے طریقے میں شکر کی جگہ لال پیلا پانی استعمال کرتے ہیں۔ اور وہ انڈا بھی صدقہ کر دیتے ہیں۔ تیسرے طریقے میں کاجل کا کالا ٹپکا بچے کی صورت پر لگاتے ہیں اور یہ بھی مانتے ہیں کی جتنی تیز نظر لگے گی اتنی جلدی وہ ٹپکا مٹ جائے گا۔ کیا یہ طریقے درست ہیں؟

    جواب نمبر: 153425

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1101-925/D=11/1438

    مذکور فی السوال تینوں طریقے شریعت (قرآن وحدیث) سے تو ثابت نہیں ہیں؛ لیکن اگر تجربہ سے ان طریقوں سے فائدہ ہونا ظاہر ہو تو یہ ایک طریقہ علاج ہوا جس کے جائز ہونے کی پہلی شرط تو یہ ہے کہ موٴثر حقیقی (فائدہ پہنچانے والی ذات) اللہ تعالیٰ کو سمجھے۔ دوسری شرط یہ ہے کہ اس طریقہ کے اختیار کرنے میں کسی قسم کی بھی بدعقیدگی شامل نہ ہو، تیسری شرط یہ ہے کہ قرآن وحدیث یعنی شریعت کے خلاف کوئی منتر وغیرہ نہ پڑھا جاتا ہو۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند